QR CodeQR Code

بی جے پی اپنے ناکام وزرائے اعلٰی کو بدلنے میں مصروف ہے، پی چدمبرم

13 Sep 2021 18:13

کانگریس نے وزیراعلٰی کی تبدیلی پر اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے خلاف جو بڑے پیمانے پر عوامی غصہ ہے، اسے وزرائے اعلیٰ کے چہرے بدلنے سے پرسکون نہیں کیا جا سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے پانچ سال سے گجرات کے وزیراعلٰی کے طور پر خدمات انجام دینے والے وجے روپانی کو اچانک ہٹانے پر بھارتیہ جنتا پارٹی پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف اپنے ناکام وزرائے اعلی کو تبدیل کرنے میں مصروف ہے اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں ایسے وزرائے اعلیٰ کی فہرست طویل ہے۔ پی چدمبرم نے گجرات کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے وجے روپانی کو ہٹانے اور ان کی جگہ پر پہلی بار ایم ایل اے بنے بھوپندر پٹیل کو وزیراعلی بنائے جانے پر ٹویٹ کیا ’’بی جے پی اپنے ناکام وزرائے اعلیٰ کو ہٹانے میں مصروف ہے‘‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کو کب احساس ہوا کہ وزیر اعلیٰ ٹھیک سے کام نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کام اچھا نہ کرنے کے سبب بی جے پی کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو تبدیل کرچکی ہے اور کئی دوسری ریاستیں ہیں جہاں ناکام وزیر اعلیٰ ہیں اور انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا ’’متعلقہ ریاست کے لوگ جانتے تھے کہ بی ایس یدی یورپا، دو راوت اور وجے روپانی کئی مہینوں سے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے، متعدد دیگر لیٖڈران ہیں جنہیں تبدیل کیا جانا چاہیئے‘‘۔ کانگریس نے وزیراعلٰی کی تبدیلی پر اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے خلاف جو بڑے پیمانے پر عوامی غصہ ہے، اسے وزرائے اعلیٰ کے چہرے بدلنے سے پرسکون نہیں کیا جا سکتا۔ کانگریس پارٹی کے ٹوئیٹ میں مزید لکھا گیا کہ اپنی ناکامی چھپانے کی بی جے پی کی یہ ترکیب کامیاب نہیں ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 953611

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953611/بی-جے-پی-اپنے-ناکام-وزرائے-اعل-ی-کو-بدلنے-میں-مصروف-ہے-چدمبرم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org