0
Monday 13 Sep 2021 21:33

امریکہ عراق کے پارلیمانی الیکشن سبوتاژ کرنے کے درپے ہے، عراقی رکن پارلیمنٹ

امریکہ عراق کے پارلیمانی الیکشن سبوتاژ کرنے کے درپے ہے، عراقی رکن پارلیمنٹ
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق عراق کے رکن پارلیمنٹ عباس شعیل نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ ملک میں عنقریب منعقد ہونے والے پارلیمانی الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے تمام سیاسی گروہ اور جماعتیں 10 اکتوبر کے دن پارلیمانی الیکشن منعقد کرنے پر اتفاق رائے رکھتے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی تمام ضروری اقدامات انجام پا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا: "امریکہ عراق کو خطرناک صورتحال کی جانب دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ امریکہ عراق میں سیاسی استحکام پیدا ہونے کی راہ میں روڑے اٹکا رہا ہے اور وہی کام کر رہا ہے جو اس نے افغانستان میں انجام دیا ہے۔" رکن عراقی پارلیمنٹ نے مزید کہا: "عراقی عوام قومی الیکشن میں شرکت کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک میں سیاسی عدم استحکام اور بدامنی پھیلانے کی تمام سازشوں کے باوجود انہوں نے ملک کا سیاسی مستقبل محفوظ بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔"
 
عراقی پارلیمنٹ کے ایک اور رکن احمد علی نے بھی اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: "عراق سے امریکی فوجیوں کا انخلاء محض علامتی حد تک ہے۔ امریکی فوجی عراق سے نکلنے کا ارادہ نہیں رکھتے اور یہ ہمارے ملک کیلئے بہت ہی خطرناک صورتحال ہے۔ عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی مشکلات پیدا کر رہی ہے۔" اس بارے میں عراق کے سابق رکن پارلیمنٹ محمد سعدون نے کہا: "اگر عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی برقرار رہتی ہے تو حشد الشعبی کو ملک کے اندر خطرات درپیش ہوں گے۔ امریکہ حشد الشعبی کو کمزور کرنے کے درپے ہے تاکہ اپنے دہشت گردانہ منصوبوں کو جامہ عمل پہنا سکے۔" اسی طرح عراق کی پارلیمنٹ میں صادقون اتحاد سے وابستہ رکن پارلیمنٹ محمد کریم نے بھی امریکہ کی جانب سے گاہے بگاہے حشد الشعبی کے ٹھکانوں پر حملوں کی مذمت کی اور عراقی حکام کی جانب سے ان پر خاموشی اختیار کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا یہ خاموشی امریکہ کے مجرمانہ اقدامات دہرائے جانے کا باعث بنی ہے۔
 
فتح اتحاد سے وابستہ عراق کے ایک اور رکن پارلیمنٹ قسطل العجلی نے اس بارے میں کہا: "آئندہ انتخابات میں فتح اتحاد اپنی تمام تر توانائیاں جنوبی صوبوں پر مرکوز کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "عراق کے صوبوں ذی قار، المثنی، بصرہ اور میسان کے باشندے غربت اور بے روزگاری کا شکار ہیں۔ فتح اتحاد ان علاقوں میں عوام کی خدمت کو اپنی پہلی ترجیح قرار دے گا۔" عراقی وزیراعظم کے مشیر عبدالحسین الہنداوی نے اعلان کیا ہے کہ دس اکتوبر کو منعقد ہونے والی انتخابات پر پانچ سو عرب اور بین الاقوامی مبصرین نظارت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں اقوام متحدہ، یورپی یونین، عرب لیگ، او آئی سی اور دیگر ممالک سے مبصرین شامل ہیں۔ الہنداوی نے کہا: "اقوام متحدہ اور بین الاقوامی مبصرین کی ذمہ داری محض نظارت تک محدود ہے اور وہ انتخابات کے عمل کا جائزہ لیں گے۔"
خبر کا کوڈ : 953651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش