QR CodeQR Code

حضرت بہائوالدین زکریا ملتانی  کے 782 ویں سالانہ عرس کا آغاز، تقریبات منسوخ

13 Sep 2021 21:38

 سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنی دعا میں کہا کہ آج ہمارے دل بہت بوجھل ہیں، کورونا وبا اور صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر عرس کی تقریبات کو بہت محدود کیا گیا ہے۔ جو لوگ شریک نہیں ہوسکے وہ روحانی طور پر یہاں حاضر ہیں، میں غوث پاک کے زائرین اور عقیدت مندوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر درود پاک پڑھ کر روحانی طور پر عرس کی محفل میں شریک ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ جنوبی ایشیا میں سلسلہ سہرودیہ کے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاالدین زکریا سہروردی ملتانی  کے 782 ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات آج سے دربارعالیہ قاسم باغ ملتان میں شروع ہو گئیں۔ تقریبات کا آغاز درگاہ کے سجادہ نشین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے مزار کو غسل دے کر کیا۔ اس تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی، مخدومزادہ محمد سجاد حسین قریشی، پیر سیف احمد قریشی، صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک،  معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف محمد اطہر مسعود، ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزمان قیصرانی، سابق صوبائی وزیر معین الدین ریاض قریشی، بریگیڈیئر(ر) مقصود قریشی، پاکستان زکریا اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری،  ڈاکٹر آصف قریشی، پیر ارشاد علی قریشی، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف رانا طارق علی، ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف سید ایاز الحسن گیلانی، شیخ شاہد مظفر، پیر شیخ اعجاز علی قادری سہروردی، حمید نواز عاصم اور احمد نواز عصیمی سمیت سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

 اس موقع پر سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنی دعا میں کہا کہ آج ہمارے دل بہت بوجھل ہیں، کورونا وبا اور صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر عرس کی تقریبات کو بہت محدود کیا گیا ہے۔ جو لوگ شریک نہیں ہوسکے وہ روحانی طور پر یہاں حاضر ہیں۔ میں غوث پاک کے زائرین اور عقیدت مندوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر درود پاک پڑھ کر روحانی طور پر عرس کی محفل میں شریک ہوں۔ انشااللہ وبا کے ختم ہونے کے بعد عرس کی تقریبات حسب روایت منائیں گے۔ انشااللہ ان آستانوں کی رونقیں ہمیشہ بحال رہیں گی۔ اس موقع پر انہوں نے مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی  ملکی سالمیت و استحکام اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی۔ تقریب غسل اور چادر پوشی میں ممتاز نعت خوانان حمید نواز عاصم، احمد نواز عصیمی اور حاجی غلام شبیر قادری نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کورونا وائرس کے خطرناک پھیلاو کو مدنظر رکھتے ہوئے عرس کی تقریبات کو محدود کردیا گیا ہے اور سالانہ زکریا کانفرنس کی تمام نشستوں کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 953652

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953652/حضرت-بہائوالدین-زکریا-ملتانی-کے-782-ویں-سالانہ-عرس-کا-آغاز-تقریبات-منسوخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org