QR CodeQR Code

 ملک کی معیشت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے اور یہ صرف حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ہے، سراج الحق

13 Sep 2021 22:27

منصورہ سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جب سے اقتدار میں آئی ہے سوائے وزیروں، مشیروں اور بیوروکریسی کے تبادلے کے اور کچھ نہیں کیا۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہے، پولیس لوگوں کو سرعام گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا مزاج ڈکٹیٹرانہ مگر دعوے جمہوری اقدار کی بالادستی کے ہیں۔ میڈیا کو کنٹرول کرنے کی سازشیں، عدلیہ اور الیکشن کمیشن پر حملے، بلدیاتی الیکشن کا نہ کرانا، حکومت کے ڈکٹیٹر مائنڈ سیٹ کو واضح کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی اور روایتی سیاسی پارٹیوں میں رتی برابر کا بھی فرق نہیں۔ سبھی نے عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔ قوم بادشاہانہ سوچ کی حامل حکمران اشرافیہ کو مسترد کر کے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں جماعت اسلامی نے بہتر پرفارمنس دکھائی۔ کامیاب امیدواروں اور کارکنان جماعت اسلامی کو مبارک باد دیتا ہوں۔

امیر جماعت نے ایک دفعہ پھر صحافیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آزادی صحافت کے لیے جدوجہد میں جماعت اسلامی صحافی کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں آزاد عدلیہ، آزاد میڈیا، آزاد پارلیمنٹ اور آزاد الیکشن کمیشن کے لیے دہائیوں سے جدوجہد کر رہی ہے۔ انھوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ صحافیوں کا گلا دبانے کے ہتھکنڈے اپنانے سے باز آ جائے، اس سے پی ٹی آئی کو کچھ حاصل نہیں ہو گا، مگر مزید بدنامی اس کے حصے میں آئے گی۔ 

سراج الحق نے کہا کہ ملک کی معیشت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے اور یہ صرف اور صرف حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ہے۔ اللہ تعالی نے پاکستان کو بڑی افرادی قوت اور بے پناہ وسائل اور قدرتی ذخائر سے مال مال کیا ہے، مگر حکمران طبقہ نے کبھی بھی ان وسائل کو صحیح سمت میں استعمال نہیں کیا۔ عوام کو جان بوجھ کر محروم رکھا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی جب سے اقتدار میں آئی ہے سوائے وزیروں، مشیروں اور بیوروکریسی کے تبادلے کے اور کچھ نہیں کیا۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہے، پولیس لوگوں کو سرعام گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اداروں میں ریفارمز پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ پرائیویٹائزیشن کے خوب چرچے ہو رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 953659

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953659/ملک-کی-معیشت-مکمل-طور-پر-تباہ-ہو-چکی-ہے-اور-یہ-صرف-حکمرانوں-نااہلی-وجہ-سے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org