0
Monday 13 Sep 2021 23:12

سید ناصر عباس شیرازی اور مفتی گلزار نعیمی کا دورہ کبیروالا، شیعہ سنی عمائدین سے ملاقات 

سید ناصر عباس شیرازی اور مفتی گلزار نعیمی کا دورہ کبیروالا، شیعہ سنی عمائدین سے ملاقات 
اسلام ٹائمز۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی اور جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کبیروالا میں اپنے مختصرقیام کے دوران ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ڈاکٹر شرافت حسین خان بھٹہ کی رہائشگاہ پر ممبران ڈویژنل، ضلعی، تحصیل امن کمیٹی، سماجی شخصیات ڈاکٹر شرافت حسین خان بھٹہ، قاری سیف اللہ عابد، مہر عبدالخالق مرالی، شیخ راشدندیم، حفیظ سعیدی اور مبشرحسن خان بھٹہ سے ملاقات کی۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا قومی اور ملی وجود برقرار رکھنے کے لیے باہمی اتحاد کا راستہ اپنانے کی ازحد ضرورت ہے۔ اتحاد ایک زبردست قوت اور ایک طاقتور ہتھیار ہے جس کے ذریعے ناممکن مسائل سے نبرد آزما ہوا جاسکتا ہے، مسلمانوں میں صحیح معنوں میں اتحاد و اتفاق کی تحریک اسی وقت پیدا ہوسکتی ہے جب وہ اپنے مسلکی اور جزوی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اسلامی وحدت و اخوت کو مضبوط و مستحکم کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمیت آج عالم اسلام کی نازک صورت حال اور مسلمانانِ کشمیر کی حالتِ زار اس بات کی متقاضی ہے کہ تمام مسلمان اتحاد بین المسلمین کی ضرورت و اہمیت کو سمجھیں۔ خصوصا وارثانِ منبر و محراب کو نہایت ذمہ دارانہ کرادر ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کو چاہیے کہ وہ فروعی، فقہی اور حساس اختلافات عوامی اجتماعات میں بیان کرنے سے گریز کریں اور عوام کی دینی اور علمی تربیت کریں۔ علمائے کرام، ممبران امن کمیٹی، تاجران، میڈیا نمائندگان کی قیام امن، مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے کے فروغ کیلئے ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اتحادبین المسلمین کی راہ میں رکاوٹ بننے والے تمام عوامل کو سمجھنے اور ان کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کیلئے متحد اور منظم ہوکر کردار اداکرنا چاہیے۔ اس موقع پر نادرعباس خان بھٹہ، ڈاکٹر میثم رضا بھٹہ، سید عدیل شاہ، احمرضیا خان بھٹہ، خاور عباس اور دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 953663
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش