0
Monday 13 Sep 2021 23:29

ڈی آئی خان، جلوس عزاء میں بم دھماکے کا مجرم 9 سال بعد گرفتار

نویں محرم 2012ء کے جلوس میں دہشتگرد سہیل ایاز نے بم دھماکہ کیا تھا
ڈی آئی خان، جلوس عزاء میں بم دھماکے کا مجرم 9 سال بعد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں نویں محرم کے جلوس عزاء کو بم دھماکے سے نشانہ بنانے والے مجرم کو پولیس نے بلاآخر 9 سال بعد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تھانہ کینٹ پولیس ڈی آئی خان نے 2012ء میں 9 محرم الحرام کے جلوس میں دہشت گردانہ حملے میں ملوث تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد سہیل ایاز عرف سہیل کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او کینٹ سردار عظیم خان وزیر ہمراہ نفری پولیس و زیر قیادت ایس ڈی پی او سٹی فضل رحیم خان نے 2012ء میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث اور مطلوب دہشت گرد سہیل ایاز عرف سہیل ولد محمد ایاز خان وزیر سکنہ تھویا فاضل کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق مطلوب دہشت گرد سہیل ایاز عرف سہیل ولد محمد ایاز خان کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ یاد رہے کہ 2012ء میں تھویا فاضل روڈ بالمقابل نجف آباد کالونی ڈیرہ اسماعیل خان میں 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ بم دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد شہید (جن میں بچے بھی شامل تھے) اور 24 افراد زخمی ہوئے تھے۔

واقعہ کا مقدمہ تھانہ کینٹ میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد مقدمہ کی تفتیش شروع کر دی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق آج پولیس نے کامیاب حکمت عملی سے مطلوب دہشت گرد سہیل ایاز عرف سہیل ولد محمد ایاز خان کو گرفتار کیا۔ گرفتار دہشت گرد کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب پولیس کی جانب سے ابتدائی تفصیلات کے ساتھ دہشتگرد سہیل ایاز کا جو شناختی کارڈ جاری کیا گیا ہے وہ 2019ء میں نادرا کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جبکہ 2019ء میں نادرا شناختی کارڈ حاصل کرنے والا دہشتگرد پولیس نے 2021ء میں گرفتار کیا ہے۔ یاد رہے کہ دہشتگردی کا یہ سانحہ 2012ء میں پیش آیا، اس خونی سانحہ میں نہ صرف اہل تشیع بلکہ اہلسنت سے تعلق رکھنے والے بچوں کی شہادت بھی ہوئی تھی۔ اب اسے پولیس کی شاندار کارکردگی کہیں یا نااہلی کہ 2012ء سے مطلوب دہشتگرد 2019ء میں نادرا شناختی کارڈ حاصل کرتا ہے جبکہ 2021ء میں اسے پولیس گھر سے ہی گرفتار کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 953665
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش