QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کی پشاور کنٹوٹمنٹ بورڈ کے انتخابات میں شکست، دھاندلی وجہ قرار

14 Sep 2021 01:02

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنی رپورٹ میں مقامی تنظیم نے کہا ہے کہ مخالفین نے الیکشن کے روز پیسے کا بھرپور استعمال کیا اور ووٹ خرید کر پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو چوری کیا، ہار کی ایک وجہ حکومتی جماعت سے ناراض کارکن بھی ہیں جو ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف نے کنٹوٹمنٹ بورڈ پشاور کے انتخابات میں دھاندلی کو شکست کی وجہ قرار دے دیا۔ خیبر پختونخوا اور وفاق میں برسراقتدار تحریک انصاف کی مقامی تنظیم نے اعلیٰ قیادت کو کنٹوٹمنٹ بورڈ پشاور کے الیکشن میں شکست کی وجوہات سے آگاہ کردیا ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنی رپورٹ میں مقامی تنظیم نے کہا ہے کہ امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور مہم چلائی گئی، کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر وارڈز کی سطح پر جلسوں کا انعقاد بھی کیا گیا، مخالفین نے الیکشن کے روز پیسے کا بھرپور استعمال کیا اور ووٹ خرید کر پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو چوری کیا، ہار کی ایک وجہ حکومتی جماعت سے ناراض کارکن بھی ہیں جو ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض ہوئے۔

انہوں نے انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا، کنٹوٹمنٹ کے پوش علاقوں سے پی ٹی آئی کے کارکن اور شہری ووٹ ڈالنے کے لیے نہیں نکلے جس کے باعث پی ٹی آئی کا اپنا ووٹ بھی کم پڑا۔ پی ٹی آئی پشاور کے صدر سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پیسوں سے شکست کھائی ہے، پارلیمانی بورڈ کو ٹکٹوں کے لیے جو درخواستیں موصول ہوئیں ان ہی میں سے مضبوط امیدواروں کا انتخاب کیا گیا، پارٹی کو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کنٹوٹمنٹ بورڈ پشاور کے انتخابات میں پی ٹی آئی خلاف توقع پر بڑی کامیابی حاصل نہ کرسکی، اسے پانچ وارڈز میں سے صرف ایک نشست میں کامیابی حاصل ہوئی۔


خبر کا کوڈ: 953679

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953679/پی-ٹی-آئی-کی-پشاور-کنٹوٹمنٹ-بورڈ-کے-انتخابات-میں-شکست-دھاندلی-وجہ-قرار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org