QR CodeQR Code

سندھ کے مالیاتی نظام میں 163 ارب کی مالی بےضابطگی، آڈٹ رپورٹ

14 Sep 2021 01:17

اس آڈٹ رپورٹ میں سندھ میں 163 ارب روپے سے زائد کی مبینہ کرپشن اور بے قاعدگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جیالوں کی سرکار نے من پسند افسران اور ملازمین کو نوازنے کے لیے 3 ارب روپے خلاف ضابطہ تقسیم کر دئیے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ سرکار ایک سال میں اربوں روپے ڈکار گئی، سندھ کے مالیاتی نظام میں 163 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے ایک اور سنسنی خیز آڈٹ رپورٹ جاری کردی ہے جو سال برائے 2019ء تا 2020 کی ہے۔ اس آڈٹ رپورٹ میں سندھ میں 163 ارب روپے سے زائد کی مبینہ کرپشن اور بے قاعدگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جیالوں  کی سرکار نے من پسند افسران اور ملازمین کو نوازنے کے لیے 3 ارب روپے خلاف ضابطہ تقسیم کردئیے، جبکہ سندھ کے مختلف محکموں میں خریداری کی مد میں 47 ارب روپے کرپشن کی نظر ہوئے۔ سندھ حکومت نے بغیر دستاویزی ثبوت کے ریکارڈ 113 ارب خرچ کر دیئے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے ملازمین و افسران کو 2 ارب کے  قرضے دیے جو کہ تاحال واپسی نہیں لیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں سندھ حکومت کی اپنی انشورنس کمپنی ہونے کے باوجود نجی انشورنس کمپنی کی خدمات لینے کا بھی انکشاف کیا گیا ہے اور صوبائی حکومت کے خزانے سے مذکورہ نجی کمپنی کو 12کروڑ خلاف ضابطہ ادائیگیاں کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے سرمایہ کاری کی مد میں ملنے والے 9 ارب روپے منافع کا ریکارڈ بھی ظاہر نہیں کیا، جبکہ ماہانہ پنشن کی مد میں نو کروڑ روپے کی مشکوک ادائیگیوں کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 998 ملین روپے بجٹ سے اضافی خرچ کئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 953682

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953682/سندھ-کے-مالیاتی-نظام-میں-163-ارب-کی-مالی-بےضابطگی-ا-ڈٹ-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org