QR CodeQR Code

کوئٹہ، پولیس افسران کی میٹنگ، شہریوں سے حسن سلوک سے پیش آنے کی ہدایت

14 Sep 2021 21:07

میٹنگ میں شہر کے تمام افسران موجود تھے، جنہیں آئی جی پولیس بلوچستان نے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ہدایات دیں۔


اسلام ٹائمز۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے کی جانب سے کوئٹہ پولیس کے تمام آفیسرز کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی پولیس نے سختی سے ہدایات دیں کہ کوئٹہ میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کو جیل بھیجا جائے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پتنگ بازی کا سامان بیچنے والی دوکانوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ میٹنگ میں کوئٹہ میں زمینوں پر قبضہ کرنے والے مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان کا کہنا تھا کہ کسی قبضہ گروپ کو شریف شہریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے لئے بھی زمین تنگ کر دی جائے گی۔ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرکے ان کو عدالتوں سے سزا دلوا کر جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے رکھا جائے گا۔ آئی جی بلوچستان نے مزید ہدایت دی کہ محرر تھانے کے اندر شہریوں سے حسن سلوک سے پیش آئیں۔ شہریوں کے ساتھ وارداتوں اور جرائم کی FIR کا فوری اندراج کیا جائے۔ اگر ایف آئی آر کا اندراج نہ ہو تو شہری متعلقہ ایس پی کو مل سکتا ہے یا پھر ڈی آئی جی یا آئی جی کو خفیہ خط لکھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔ کسی شہری سے تفتیش کا خرچہ نہیں لیا جائے گا۔ تفتیش کے اخراجات حکومت پر ہیں۔ اس ضمن میں رقم ہر متعلقہ تھانہ میں کیش کی صورت میں رکھ دی گئی ہے۔ جہاں سے تفتیشی افسر کو نقد رقم مہیا کی جاتی ہے، تاکہ وہ لیبارٹری فیس کی ادائیگی اور دوسرے سرکاری اخراجات کرسکے۔ اگر کوئی تفتیشی افسر عوام سے تفتیش کے حوالے سے پیسے کا مطالبہ کرے یا گاڑی منگوانے کا کہے تو شہری شکایت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ہر ایس ایچ او روزانہ 3 سے 6 بجے تک تھانے اور دفتر میں موجود رہے گا اور شہریوں کے مسائل سن کر ان کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے سے جرائم کی روک تھام بھی ان کی ذمہ داری ہے۔ عوام کی خدمت پولیس کا نصب العین ہے اور بلوچستان پولیس عوام کی مکمل خدمت اور جرائم کی بیخ کنی کرے گی اور بلوچستان کو ایک محفوظ صوبہ بنائے گی۔


خبر کا کوڈ: 953837

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953837/کوئٹہ-پولیس-افسران-کی-میٹنگ-شہریوں-سے-حسن-سلوک-پیش-آنے-ہدایت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org