0
Tuesday 14 Sep 2021 23:36

 جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رول آف بزنس منظور ہوچکے ہیں جس سے خطے میں ترقی کا سفر تیز ہوگا، شاہ محمود قریشی 

 جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رول آف بزنس منظور ہوچکے ہیں جس سے خطے میں ترقی کا سفر تیز ہوگا، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہر کی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں سیاسی و انتظامی قیادت کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان، سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ضلع کی مختلف سکیموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی، معاون خصوصی برائے وزیراعلی پنجاب جاوید اختر انصاری، اراکین اسمبلی زین قریشی، سلیم لابر، واصف مظہر راں، طارق عبداللہ، قاسم عباس لنگاہ اور ٹکٹ ہولڈر ملک اکرم کنہوں بھی شریک ہوئے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس خطے کی ترقی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں۔ شہریوں کو براہ راست ریلیف دینے کیلئے حکومت نے صحت و تعلیم کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کڈنی سنٹر میں ٹرانسپلانٹ کا کامیابی سے آغاز ہوچکا ہے جو کہ موجودہ حکومت کا احسن اقدام ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رول آف بزنس منظور ہوچکے ہیں جس سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے پلیٹ فارم سے اس خطے میں ترقی کا سفر تیز ہوگا۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ضلعی محکموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کیلئے پولیس موثر اقدامات کرے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت قومی تعمیرنو کے محکمے کارکردگی دکھائیں تاکہ حکومت کے اقدامات کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنائیں گے تاکہ ترقی کا سفر جاری رہ سکے۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کے تجویز کردہ منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ کڈنی سنٹر کی توسیع کیلئے ڈی ایچ کیو بلڈنگ سمیت مخلتف آپشن زیرغور ہیں۔ عامر کریم خاں نے کہا کہ سیوریج اور صفائی کے معاملات میں بہتری لائی جارہی ہے جبکہ رواں سال سو فیصد فنڈز کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں گے۔اجلاس میں سی پی او منیر مسعود مارتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کو مثالی بنانے کیلئے تمام صلاحیتیں صرف کررہے ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ چوری، ڈکیتی اور منشیات فروشی کیخلاف خصوصی فوکس ہے۔ قبل ازیں مختلف محکموں کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 953858
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش