QR CodeQR Code

اسٹیبلشمینٹ کی الیکشن میں مداخلت بند نہ ہوئی تو دوسرے طریقے سے انقلاب لانے کا سوچیں گے، جماعت اسلامی

14 Sep 2021 23:50

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکومتی ناکام معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، غریب آدمی کا سانس لینا مشکل ہوگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی ناکام معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، غریب آدمی کا سانس لینا مشکل ہوگیا ہے، عوام تمام پارٹیوں و نظاموں کو آزما چکے، اس صورتحال میں جماعت اسلامی امید کی کرن ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ سندھ کے انتخابی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ آئندہ بلدیاتی و عام انتخابات کی کامیابی اور ملک بھر میں 50 لاکھ ووٹ لینے کے ہدف کو پورا کرنے کیلئے رابطہ عوام مہم کو تیز کریں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ انتخابات میں اسٹیبلشمینٹ کی مداخلت کا سلسلہ بند نہ ہوا تو پھر لوگوں کا جمہوریت اور انتخابات سے اعتماد اٹھ جائے گا، پھر عوام دوسرے طریقے سے انقلاب لانے کیلئے سوچیں گے۔ کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کینٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کی صورتحال سے اجلاس کو آگاہ اور کامیابی و پیشرفت کے حوالے سے شرکاء کو مٹھائی بھی کھلائی۔ پارلیمانی بورڈ سندھ کے کنوینر ممتاز حسین سہتو نے ابتک کی انتخابی تیاریوں کی تفصیلات رکھی، جبکہ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ نے گذشتہ کاروائی پر عملدرآمد کا جائزہ پیش کیا۔


خبر کا کوڈ: 953861

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953861/اسٹیبلشمینٹ-کی-الیکشن-میں-مداخلت-بند-نہ-ہوئی-دوسرے-طریقے-سے-انقلاب-لانے-کا-سوچیں-گے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org