0
Wednesday 15 Sep 2021 01:16

کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان

کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں پر سخت پابندیوں کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ آہستہ آہستہ وبا کا پھیلاؤ نیچے آ رہا ہے اور مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہو رہی ہے، چوتھی لہر کمزور پڑتی نظر آرہی ہے، آئندہ 15 روز میں اس رجحان میں مزید استحکام آئے گا اور کورونا کیسز میں کمی آئے گی جس سے اسپتالوں پر دباؤ کم ہوگا۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ بڑے شہروں میں 15 سال سے زائد عمر کی 40 فیصد آبادی ہے جسے مکمل طور پر ویکسینیٹ کرنا ہے، یہ ہدف حاصل کرلیں تو ستمبر کے آخر میں بندشوں میں مزید کمی کریں گے، 4 سے 15 ستمبر تک کورونا سے زیادہ متاثرہ 24 اضلاع میں بندشیں لگائی تھیں، ان میں سے 18 اضلاع میں صورتحال میں بہتری آئی ہے، جہاں پابندیاں ختم کررہے ہیں، یعنی 16 ستمبر سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے اور انٹر سٹی بس سروس کے لیے 50 فیصد سواریوں کے ساتھ اجازت ہوگی، تاہم 6 اضلاع لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں میں بندشیں برقرار رہیں گی۔

اسد عمر نے کہا کہ ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کے لیے آہستہ آہستہ پابندیاں بڑھاتے چلے جائیں گے، ایسے کام جس سے وہ دوسروں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں ان سے روکنا شروع کر دیں گے، 30 ستمبر تک دونوں ڈوز نہ لگوانے والوں پر سخت پابندیاں لگائی جائیں گی۔ اسد عمر نے وکسین نہ لگوانے والے شہریوں پر پابندیوں کی تفصیل بتائی کہ فضائی سفر پر پابندی ہوگی، شاپنگ مالز میں دکانداروں اور گاہکوں دونوں کے داخلے پر پابندی ہوگی، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں بکنگ بند کردی جائے گی، انڈور آؤٹ ڈور ڈائننگ اور شادیوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے، تعلیمی اداروں میں ویکسین نہ لگوانے والا تدریسی اور غیر تدریسی تمام عملہ 30 ستمبر کے بعد اپنا کام جاری نہیں رکھ سکے گا۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ 20 لاکھ کی آبادی والے شہر اسلام آباد میں 52 فیصد آبادی کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے، لہذا باقی شہروں میں ویکسی نیشن نہ ہونے کی کوئی وجہ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 953880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش