QR CodeQR Code

لاہور میوزیم شعبہ سیاحت کے سپرد کر دیا گیا

15 Sep 2021 12:19

اپنے ایک بیان میں سیکرٹری سیاحت پنجاب کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے کہا ہے کہ لاہور کے قدیم ترین میوزیم کو محکمہ سیاحت کے سپرد کرنے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن چند روز میں جاری کر دیا جائیگا، اس قدم سے سیاحت اور آرکیالوجی کے فروغ میں مدد ملے گی۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور کے قدیم ترین اور تاریخی میوزیم کو شعبہ سیاحت کے سپرد کر دیا گیا ہے، تاہم لاہور میوزیم کی انتظامی معاملات میں خود مختاری برقرار رہے گی۔ لاہور میوزیم محکمہ انفارمیشن و کلچر کے ماتحت ہے، تاہم یہاں تمام انتظامی فیصلے بورڈ آف گورنرز کرتا ہے، جس کا چیئرمین چیف سیکرٹری پنجاب جبکہ سیکرٹری ڈائریکٹر لاہور میوزیم ہے۔ سرکاری مراسلہ جات اور خط و کتابت سیکرٹری محکمہ انفارمیشن و کلچر کے ذریعے کی جاتی ہے، تاہم لاہور میوزیم کو محکمہ سیاحت پنجاب کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری سیاحت پنجاب کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے بتایا کہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن چند روز میں جاری ہو جائیگا، اس اقدام سے سیاحت اور آرکیالوجی کے فروغ میں مدد ملے گی۔

دوسری طرف لاہور میوزیم کے حکام نے بتایا کہ اس اقدام سے لاہور میوزیم کے انتظامی امور اور فیصلہ سازی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، لاہور میوزیم کے تمام فیصلے بورڈ آف گورنرز کرتا ہے، جس کا چیئرمین چیف سیکرٹری پنجاب ہے، مختلف محکموں کے مابین خط و کتابت اور مراسلہ جات پہلے سیکرٹری انفارمیشن و کلچر کے ذریعے بھیجے جاتے تھے، اب یہ کام سیکرٹری سیاحت کے ذریعے ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 953943

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953943/لاہور-میوزیم-شعبہ-سیاحت-کے-سپرد-کر-دیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org