0
Wednesday 15 Sep 2021 23:48

تحریک عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ تعداد سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے، اختر حسین کا دعویٰ

تحریک عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ تعداد سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے، اختر حسین کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے پارلیمانی رکن اختر حسین لانگو نے قومی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے اپوزیشن کو مطلوبہ تعداد سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے رویئے اور پالیسی کی وجہ سے ان کی پارٹی، اتحادی جماعتیں اور اپوزیشن ارکان ناراض ہیں۔ تحریک عدم اعتماد بلوچستان کے وسیع تر مفاد کے لئے لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان کو ایک ایسی حکومت میسر ہو، جو یہاں کے مسائل کے حل اور عوام کی زندگی کی بہتری کے لئے اپنا مثبت اور عملی کردار ادا کرسکے۔ اختر حسین لانگو نے کہا کہ گذشتہ تین سال سے اپنے تحفظات اور خدشات کا اظہار اسمبلی میں کرتے ہوئے امن و امان، کرپشن، پانی، صحت اور تعلیم کے مسائل حکومت کے سامنے رکھتے آئے ہیں۔

تین سال تک جمہوری انداز میں تمام مسائل اجاگر کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ چلتے رہے اور تمام چیزوں کی نشاندہی کی، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہماری آواز پر کان نہ دھرا، جس کے بعد ہمیں مجبوراً آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد لانا پڑی، تاکہ ہم بلوچستان کے بنیادی مسائل کے حل اور ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا وہ کردار ادا کرسکیں، جس کے لئے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن کی تعداد 23 ہے اور ہم نے اپنی مطلوبہ تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے تحریک عدم اعتماد جمع کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے ہمیں مطلوبہ تعداد سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ یہ تمام ارکان وزیراعلیٰ بلوچستان کی پالیسیوں سے نالاں ہیں اور اپوزیشن کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 954049
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش