QR CodeQR Code

امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کا انڈو پیسفک کیلئے نئے سکیورٹی معاہدے کا اعلان

16 Sep 2021 08:26

امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے ایک خصوصی سکیورٹی معاہدے (AUUKUS) کا اعلان کیا ہے جس کے تحت امریکا اور برطانیہ ایٹمی توانائی سے چلنے والی آبدوزیں بنانے میں آسٹریلیا کو مدد فراہم کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے بحرہند اور بحرالکاہل (انڈوپیسفک) میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے نئے سکیورٹی اتحاد کا اعلان کر دیا۔ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے ایک خصوصی سکیورٹی معاہدے (AUUKUS) کا اعلان کیا ہے جس کے تحت امریکا اور برطانیہ ایٹمی توانائی سے چلنے والی آبدوزیں بنانے میں آسٹریلیا کو مدد فراہم کرینگے۔ یہ اعلان بدھ کے روز امریکی صدر جوبائیڈن، آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن اور ان کے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کی ایک ویڈیو کانفرنس میں کیا گیا۔ امریکی صدر جوبائیڈن، برطانوی اور آسٹریلوی وزیراعظم نے (AUUKUS) نامی نئی سکیورٹی پارٹنر شپ کے آغاز پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔ تینوں ممالک کا خیال ہے کہ یہ معاہدہ انڈو پیسفک میں اپنے مفادات کے دفاع کے لیے اہم ہے جبکہ تینوں رہنماؤں نے بحرہند اور بحرالکاہل کے علاقےمیں دیرپا امن اور استحکام یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہم رائل آسٹریلوی بحریہ کے لیے جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کے حصول میں آسٹریلیا کی مدد کرنے کے مشترکہ عزائم کے لیے پرعزم ہیں۔ اس کے علاوہ بائیڈن اور دیگر رہنماؤں نے زور دیا کہ آبدوزیں جوہری ہتھیاروں سے لیس نہیں ہوں گی۔

اس موقع پر بائیڈن نے کہا کہ آسٹریلیا کو ایٹمی طاقت سے چلنے والی آبدوزیں بنانے کے قابل بنانے کا کام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ان کے پاس جدید ترین صلاحیتیں ہیں جن کی ہمیں ضرورت ہے تاکہ ہم تیزی سے خطرات سے بچ سکیں۔ آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے کہاکہ دنیا  خاص طور پر ہمارا خطہ انڈو پیسفک زیادہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ انڈوپیسفک کا مستقبل ہمارے مستقبل پر اثرانداز ہو گا۔ اس کے علاوہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ وہ انڈو پیسیفک میں استحکام اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دنیا میں سب سے پیچیدہ اور تکنیکی منصوبوں میں سے ایک ہو گا، جو کئی دہائیوں تک جاری رہے گا۔ تینوں ممالک کے تکنیکی اور بحری نمائندے اگلے 18 مہینے آسٹریلیا کی اپ گریڈیشن کے بارے میں فیصلہ کرنے میں گزاریں گے۔


خبر کا کوڈ: 954091

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954091/امریکا-برطانیہ-اور-ا-سٹریلیا-کا-انڈو-پیسفک-کیلئے-نئے-سکیورٹی-معاہدے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org