0
Friday 17 Sep 2021 01:34

ڈی ایچ کیو پاراچنار میں 105 اسامیاں خالی، مریضوں کو شدید مشکلات

ڈی ایچ کیو پاراچنار میں 105 اسامیاں خالی، مریضوں کو شدید مشکلات
اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں سمیت ایک سو پانچ اسامیاں خالی ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ضلع کے واحد بڑے ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور دیگر سہولیات کی فراہمی محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور اعلانات کی حد تک محدود، عوام معمولی بیماریوں کے علاج کیلئے پشاور اور اسلام آباد جانے پر مجبور ہیں، عوام نے محکمہ صحت اور حکام بالا سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ضلع کرم کے واحد بڑے ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریض مشکلات سے دو چار ہیں، ہسپتال گذشتہ کئی عشروں سے سیاسی اعلانات تک محدود ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے متعدد بار دورہ ضلع کرم کے موقع پر ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور ڈاکٹروں کی کمی پورا کرنے سمیت ضلع کرم میں میڈیکل کالج کا قیام اور کرونا وائرس کے دوران ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال کیلئے ایک کروڑ روپے کی منظوری بھی محض اعلانات کی حد تک محدود رہے۔ ضلع کے واحد جدید طرز پر تعمیر شدہ ٹراما سنٹر بھی عملہ نہ ہونے کے باعث بھوت بنگلے کا منظر پیش کررہا ہے۔

قبائلی رہنماء حاجی عابد حسین نے میڈیا کو بتایا کہ ہسپتال کے حوالے سے ہر دور حکومت میں وزراء نے محض اپنی سیاست کو چمکایا ہے اور اشتہارات کی حد تک ہسپتال کو اپ گریڈ کیا ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں، ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث عوام معمولی بیماری کیلئے ملک کے دیگر شہروں کو جانے پر مجبور ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالقدوس کے مطابق ہسپتال میں کل ایک سو پانچ اسامیاں خالی ہیں، جس میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں، ایم اوز، ایم او یوز، گائناکالوجسٹ اور دیگر عملہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث ہسپتال کے اوقات کار کے دوران مختلف مشینیں بند ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ہسپتال کے زیادہ تر فنڈ بجلی نہ ہونے کے باعث خرچ ہورہے ہیں ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ نہ ہونے کے باعث آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے اور ڈائلیسز کیلئے نیفرالوجی وارڈ اور عملہ نہ ہونے کی وجہ سے گردوں کے مریضوں کی زندگیوں کو خطرہ درپیش ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالقدوس نے بتایا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مزیدکمی ختم کرنے کے لئے پوسٹ اپ گریڈیشن اور فور ٹائپ فارمولا بروئے کار لایا جائے دوسری جانب پاراچنار کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ حکومتی اعلانات سے عاجز آچکے ہیں اور ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز مریض مررہے ہیں اور ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے انہوں نے ڈی جی ہیلتھ ، وزیر اعلی خیبرپختونخوا اور آرمی چیف سے اس حوالے سے ہنگامی طور پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو وہ احتجاجی تحریک شروع کریں گے اور ڈی جی ہیلتھ کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 954239
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش