QR CodeQR Code

ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ وسط ایشیائی ممالک کیلئے سود مند ثابت ہوگا، عمران خان

17 Sep 2021 14:06

دوشنبے میں عمران خان کا ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات میں کہنا تھا کہ ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کیلئے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، تکمیل کے بعد یہ منصوبہ وسط ایشیائی ممالک کو کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کے ذریعے دنیا کے ساتھ مؤثر طریقے سے جوڑ دیگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے باہمی تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دوشنبے میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، اقتصادی تعلقات اور علاقائی رابطوں پر بھی خصوصی بات چیت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے ازبکستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو عملی جامہ پہنانے، دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے اور تعلیم، ثقافت اور شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے ترجیحی تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا۔ علاقائی رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس کی جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ تکمیل کے بعد یہ منصوبہ وسط ایشیائی ممالک کو کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کے ذریعے دنیا کے ساتھ مؤثر طریقے سے جوڑ دے گا۔

افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے افغانستان کے پڑوسی ممالک کے ساتھ پاکستان کے رابطوں کی ازبکستان کی طرف سے حمایت پر صدر شوکت مرزایوف کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے افغانستان کے ساتھ عالمی برادری کے مثبت رابطوں پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے پڑوسی ملکوں کے درمیان مربوط نقطہ نظر اپنانے کیلئے قریبی مشاورت پر اتفاق کیا۔


خبر کا کوڈ: 954312

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954312/ٹرانس-افغان-ریلوے-منصوبہ-وسط-ایشیائی-ممالک-کیلئے-سود-مند-ثابت-ہوگا-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org