QR CodeQR Code

پاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف کی پریس بریفنگ

بھارت میں داعش کے تربیتی کیمپس کا انکشاف

کیمپس کا مقصد پاکستان چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانا ہے

17 Sep 2021 15:59

قومی سلامتی کے مشیر نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران انکشاف کیا کہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز داعش جنگجوؤں کی تربیت میں شامل ہیں اور حکومت پاکستان کے پاس اسکے شواہد موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف کا اسلام آباد میں صحافیوں کو پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ بھارت کے اندر داعش کے تربیتی کیمپس موجود ہیں اور بھارتی وزیراعظم آفس میں ایک سیل کام کر رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانا ہے۔ پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں میں ڈوزیئر بھی تقسیم کیے گئے، جس میں داعش کے پانچ مبینہ کیمپوں کے جی پی ایس کوآرڈینٹس دیئے گئے ہیں۔ ڈوزیئر کے مطابق ان میں سے تین کیمپ مبینہ طور پر راجستھان، اتراکھنڈ اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے گلمرگ میں موجود ہیں۔  بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز داعش جنگجوؤں کی تربیت میں شامل ہیں اور حکومت پاکستان کے پاس اس کے شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر دنیا نے دوبارہ (داعش کے مبینہ تربیتی کیمپوں) کے معاملے سے نظر ہٹائی تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اس سے بھارت کو مزید شے ملے گی اور وہ اس پراکسی کو بنائے گا اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرے گا۔

ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ بھارت نے کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کیے ہیں، مگر تصاویر میں شواہد کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے ملتے جلتے ہیں۔ اس معاملے پر بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے۔ کم از کم نگران اداروں کو کشمیر جانے کی اجازت دی جائے، تاکہ وہ خود وہاں جا کر دیکھیں۔ اگر ایسا ہی ہے تو بین الاقوامی قوانین کا اطلاق کیا جانا چاہیئے۔ افغانستان میں بھارتی منصوبوں کے حوالے سے معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت کے افغانستان میں منصوبے پاکستان کو ہدف بنانے کے لیے تھے، کیوںکہ زیادہ تر پاکستانی سرحد سے متصل علاقوں میں تھے۔


خبر کا کوڈ: 954322

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954322/بھارت-میں-داعش-کے-تربیتی-کیمپس-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org