QR CodeQR Code

ڈویژنل صدور کا خصوصی اجلاس

آئی ایس او کے 50 ویں مرکزی کنونشن کے موقع پر عوامی جلسہ کے انعقاد کا اعلان 

کنونشن کے آخری روز استحکام پاکستان ریلی ہوگی

17 Sep 2021 17:10

لاہور میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی اجلاس میں طے پایا کہ آئی ایس او پاکستان کے 50 ویں "جہد مسلسل و عزمِ نو" کنونشن کے موقع پر عوامی جلسہ بعنوان قرآن و اہلبیت کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام، تنظیمی کارکنان اور سابقین شریک ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا پچاسواں کنونشن کارکنان کیلئے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار آئی ایس او پاکستان کے مرکزی کنونشن کے چیئرمین زاہد مہدی نے اسلام ٹائمز سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ روز لاہور میں تنظیم کے مرکزی دفتر میں ڈویژنل صدور کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں مرکزی صدر عارف حسین نے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کا پچاسواں 3 روزہ کنونشن نومبر کے پہلے ہفتے میں تزک و احتشام سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ آئی ایس او پاکستان کے 50 ویں "جہد مسلسل و عزمِ نو" کنونشن کے موقع پر عوامی جلسہ بعنوان قرآن و اہلبیت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام، تنظیمی کارکنان اور سابقین شریک ہوں گے۔

لاہور کے ناصر باغ میں 7 نومبر کو منعقد ہونے والی کانفرنس میں ملت تشیع پاکستان کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے موضوع پر مدعو شخصیات کا خصوصی خطاب بھی ہوگا اور آخر میں نئے مرکزی صدر کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ چیئرمین کنونشن زاہد مہدی نے تنظیم کے سالانہ کنونشن کی مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تین روزہ کنونشن کے پہلے روز اسیرانِ ملت، شہدائے ملت جعفریہ اور محسنین ملت تشیع پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے "یاد یاران" کے عنوان سے خصوصی نشست کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں سابقین، عہدیداران اور علمائے کرام شریک ہوں گے۔

کنونشن کے آخری روز عوامی جلسہ کے بعد استحکام پاکستان ریلی ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک نکالی جائے گی، جس میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے کارکنان شریک ہوں گے اور نو منتخب مرکزی صدر کا خصوصی خطاب ہوگا۔ لاہور میں مرکزی صدر کی سربراہی میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں پنجاب بھر سے ڈویژنل صدور، ادارہ المہدی تربیت اسلامی سے مولانا اسد نقوی اور سابق مرکزی صدر تہور حیدری نے بھی شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 954335

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954335/آئی-ایس-او-کے-50-ویں-مرکزی-کنونشن-موقع-پر-عوامی-جلسہ-انعقاد-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org