0
Friday 17 Sep 2021 18:24

ملتان، اسلامی جمعیت طلبہ کا تعلیم سے تعمیر کے عنوان سے 15 روزہ مہم کا اعلان 

ملتان، اسلامی جمعیت طلبہ کا تعلیم سے تعمیر کے عنوان سے 15 روزہ مہم کا اعلان 
اسلام ٹائمز۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جنوبی پنجاب سعد سعید نے حسین احمد، علی عبداللہ، مجاہد صالحین کے ساتھ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے اپنی گزشتہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی 3 ماہ پر مشتمل مہم کا اعلان کیا ہے جو یکم ستمبر سے 30 دسمبر 2021تک چلے گی، اس مہم میں ملک بھر کی جامعات، کالجز اور رہائشی حلقوں میں مختلف موضوعات پر مشتمل سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے داخلہ مہم جاری رکھی اور اب ویلکم نیو اسٹوڈنٹس کے نام سے جامعات اور کالجز میں پروگرام کرے گی جس میں نئے آنے والے طلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ جات کا اہتمام کیا جائے گا، ہفتہ تکریم اساتذہ اور عشرہ تکریم اساتذہ کے حوالے سے بھی پروگرامات کیے جائیں گے جس سے طلبہ میں اساتذہ کی عزت و وقار کو اجاگر کیا جائے گا۔ استاد قوم کا معمار ہوتا ہے جو پڑھنا، لکھنا، اور بولنا سکھاتا ہے لیکن افسوس اس بات پر ہے کہ معاشرے میں اساتذہ کی عزت میں کمی آرہی ہے، استاد کو طلبہ میں مقام دلوانے اور استاد جو قوم کے معمار ہیں انہیں یہ احساس دینے کہ انہوں نے معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہے اس دوران تکریم اساتذہ کے حوالے سے اساتذہ کو پھول، کتب اور دیگر تحائف دیے جائیں گے۔

اسلامی جمعیت طلبہ جو کہ روز اول سے طلبہ حقوق کی علمبردار واحد نمائندہ طلبہ تنظیم ہے، طلبہ حقوق کے لیے حقوق طلبہ مہم چلائے گی جس میں موجودہ تعلیمی مسائل کو انتظامیہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ کورونا کی وجہ سے ایک طرف طلبہ اور والدین پریشان ہیں اور دوسری جانب بھاری فیسوں کے ذریعے طلبہ کو انتظامیہ نے پریشان کیا ہوا ہے، ہاسٹلز کی صورتحال ایسی ہے کہ طلبہ وہاں رہنے کو تیار نہیں جبکہ ہاسٹل فیسز میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ تعلیم کے ساتھ کھیل کے میدان تباہ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکالر شپس کا خاتمہ لیپ ٹاپ اسکیم کا خاتمہ موجودہ حکومت کا طلبہ پر ظلم ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ حقوق طلبہ مہم کے دوران شہر شہر تحصیل اور قصبہ قصبہ تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا اسی دوران مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے عشرہ اقبال منایا جائے گا۔ 21 تا 30 دسمبر تاسیس جمعیت کے عشرہ کے طور پر منایا جائے گا، جمعیت کا تعارف طلبہ تک پہنچایا جائے گا، جمعیت کی تشکیل اور اس کے مقاصد طلبہ تک پہنچائے جائیں گے، تاسیس جمعیت کی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس موقع پرحسین احمد، مجاہد صالحین اور سردار عابد ڈوگر شریک تھے۔
 
خبر کا کوڈ : 954339
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش