QR CodeQR Code

اسلام زبردستی نہیں خود بخود دل میں اتر جانے کا نام ہے، راغب نعیمی

17 Sep 2021 18:54

جامعہ نعیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں ناظم اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار اسلام قبول کرنے والوں کا راستہ نہ روکیں، المیہ ہے ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے انسان کو ہدایت کے راستے میں آنے سے روک رہے ہیں، اسلام قبول کرنیوالا نبی پاک(ص) کی عظمت سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے جامعہ نعیمیہ لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ہے، اسلام قبول کرنے کے لحاظ سے عمر کی پابندی قرآن و سنت کے منافی ہے، اللہ تعالی نے انسان کو ہدایت دینے کا اختیار اپنے ہاتھ میں رکھا ہے، اسلام زبردستی نہیں خود بخود دل میں اتر جانے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار اسلام قبول کرنے والوں کا راستہ نہ روکیں، المیہ ہے ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے انسان کو ہدایت کے راستے میں آنے سے روک رہے ہیں، اسلام قبول کرنیوالا نبی پاک(ص) کی عظمت سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرتا ہے، نبی پاک کا کلمہ پڑھنے کے لئے بل کی نہیں صاف دل کی ضرورت ہے ۔ پاکستان میں کہیں بھی زبردستی مذہب تبدیل نہیں ہوتا اللہ تعالی نے انسان کو ہدایت دینے کا اختیار اپنے ہاتھ میں رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی غیر مسلم بچہ ہویا بڑا اس کا عمر کے کسی حصہ میں دائرہ اسلام میں داخل ہونا فطرت کی طرف لوٹنا ہے، حضرت عمیر بن ابی وقاص نے 16 سال کی عمر میں، معاز بن عمر بن جموع نے 12/13 سال کی عمر میں، معاذ بن عفران 12/13 سال کی عمر میں، حضرت زید بن ثابت نے 11 سال کی عمر میں رسول اللہﷺ کے ہاتھ پر دائرہ اسلام میں داخل ہوئے، حضرت ابو سعید خدری 10 سال کی عمر میں، حضرت انس بن مالک نے 8 سال کی عمر میں اسلام قبول کیا۔ شریعت کے مطابق اگر کوئی مسلمان مبلغ اس بچے کو اسلام کی طرف آنے کی تبلیغ کرتا ہے تو کوئی مذہب اس پر اعتراض نہیں کر سکتا، کیونکہ مسلم مبلغ فطرت کی طرف راغب کر رہا ہے، جس پر اللہ تعالی نے اسے پیدا کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 954345

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954345/اسلام-زبردستی-نہیں-خود-بخود-دل-میں-اتر-جانے-کا-نام-ہے-راغب-نعیمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org