QR CodeQR Code

شیعہ علما کونسل کے وفد کی ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے  ملاقات

17 Sep 2021 18:59

صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے مکروہ عزائم کو اپنے اتحاد سے ناکام بنادیں، ملک دشمن قوتیں ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر ملک کو کمزور کرنے کی سازشیں کررہی ہیں، ان سازشوں کو ملی یکجہتی کونسل کے دستور پر عمل کر کے پہلے بھی ناکام بنایا جاتارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کے صوبائی صدر ڈاکٹر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملی یکجہتی کونسل و جمعیت علمائے پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات کی اور ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنے اور قیام امن کیلئے ملی یکجہتی کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما، مشائخ، خطبا اور ذاکرین کو چاہئے کہ وہ حالات کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے ملک دشمن اور اسلام دشمن طاغوتی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اتحادو یگانگت، محبت اور اخوت کے رشتے کو مزید مضبوط کریں۔ تمام مسالک کی مقدسات کا احترام کیا جائے اور اپنے مواعظ و خطبات میں اس بات پر خصوصی توجہ دی جائے کہ کسی بھی مسلک کی مقدسات کی توہین نہ ہو۔

صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ خطہ میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کا تقاضہ ہے کہ تمام مسالک کے لوگ مل کر اتحاد ویگانگت کی فضا کو برقرار رکھیں، پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے مکروہ عزائم کو اپنے اتحاد سے ناکام بنادیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر ملک کو کمزور کرنے کی سازشیں کررہی ہیں، ان سازشوں کو ملی یکجہتی کونسل کے دستور پر عمل کر کے پہلے بھی ناکام بنایا جاتا رہا ہے اور اب بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پر عمل کر کے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنادیا جائے۔

وفد میں شیعہ علما کونسل سندھ کے سینئر نائب صدر علامہ سید عزیز اللہ شاہ رضوی، صوبائی نائب صدر سید معظم شاہ جھانیاں، صوبائی مشیر علامہ غلام عباس جویہ، ضلع حیدرآباد کے صدر میر زاہد تالپور، جنرل سیکریٹری سید عاصم عباس بخاری، مولانا رحمت علی، مولانا علی رضا کربلائی شامل تھے۔ اس موقع پر جے یو پی کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد یونس دانش بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 954347

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954347/شیعہ-علما-کونسل-کے-وفد-کی-ملی-یکجہتی-سربراہ-صاحبزادہ-ابوالخیر-محمد-زبیر-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org