0
Saturday 18 Sep 2021 19:36

فرقہ واریت سے اسلام اور پاکستان کے پرامن تشخص کو نقصان پہنچا، ڈاکٹر حسن محی الدین

فرقہ واریت سے اسلام اور پاکستان کے پرامن تشخص کو نقصان پہنچا، ڈاکٹر حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سنٹرل پنجاب ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اتحاد امت کی داعی تحریک ہے، فرقہ واریت سے اسلام اور پاکستان کے پرامن تشخص کو نقصان پہنچا۔ منہاج القرآن نے اتحادِ امت اور پُرامن معاشرہ کی تشکیل کیلئے تعلیم و تربیت کے مثالی ادارے قائم کیے۔ اسلام کا سچا پیروکار کبھی تنگ نظر اور متشدد نہیں ہو سکتا۔ ہماری فکری رہنمائی کا سرچشمہ اسوہ رسول ﷺ ہے، ظلم اور استحصال کیخلاف آواز اٹھانا دینی و قومی ذمہ داری ہے۔

ورکرز کنونشن اور عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے سنٹرل پنجاب کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور نو منتخب عہدیداروں کا تعارف کروایا۔ ورکرز کنونشن میں لاہور کے 6 اضلاع (زونز) سمیت سنٹرل پنجاب کے 21 اضلاع کے فورمز کے صدور و جنرل سیکرٹریز اور شعبہ خواتین کی مرکزی و صوبائی عہدیداروں نے شرکت کی۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے باشعور کارکنان ظلم کیخلاف مصلحت سے پاک کلمہ حق بلند کرنے کی جرأت رکھتے ہیں۔ کارکنوں نے جانیں دے کر ظلم کے نظام کے چہرے سے پردہ ہٹایا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون رنگ لائے گا۔ قاتل کتنے ہی بااثر اور چالاک سہی ایک روز بے گناہوں کا خون بہانے کے جرم میں نشان عبرت بنیں گے۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رہنما میاں ریحان مقبول نے کہا کہ ہم فکری اور نظریاتی رہنمائی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمات اور عملی اقدامات سے لیتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو جامع اصلاحات اور انقلاب کا شعور دیا۔ ان شا اللہ ایک دن پاکستان میں مصطفوی انقلاب کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔ ورکرز کنونشن سے رانا نفیس حسین، ڈاکٹر سلطان چودھری، میاں عبدالقادر، اشتیاق حنیف مغل، قاری ریاست چدھڑ، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل، رافعہ عروج، ارشاد اقبال نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 954442
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش