0
Saturday 18 Sep 2021 21:17

کشمیریوں کو لب کُشائی کرنے پر جیل بھیج دیا جاتا ہے، محبوبہ مفتی

کشمیریوں کو لب کُشائی کرنے پر جیل بھیج دیا جاتا ہے، محبوبہ مفتی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر و سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ فرقہ پرست جماعتیں آپسی بھائی چارے پر حملہ آور ہیں۔ مینڈھر ڈاک بنگلہ میں منعقدہ تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں ترقی میں رکاوٹ کے لئے دفعہ 370 اور 35A کو اڑچن قرار دیا تھا، ان خصوصی دفعات کو منسوخ کرنے کے بعد اب جو ترقی کے بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں، وہ بالکل غلط ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک تو پہلے ہی لوگوں کی پگڑیاں اچھالی گئیں، لوگوں کا تشخص چھینا گیا اور اس کے بعد اب ترقی کا جو ڈھونگ مچارہے ہیں، وہ سراب ثابت ہورہا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مجھے کہیں بھی جتنے لوگ ملے، وہ شکایتیں کررہے ہیں، سڑکوں کا حال برا ہے، بجلی کا حال اسے بھی برا ہے، بے روزگاری سب سے بڑی چیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 نہ صرف یہاں کے تشخص کی رکھوالی کرتا تھا بلکہ ہماری زمینوں، نوکریوں حتیٰ کہ ہر چیز کی رکھوالی کرتا تھا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بدقسمتی سے ابھی تو نوکریاں دینے کے بجائے نوکریاں لی جاتی ہیں، آنگن واڑی ورکروں کو برخواست کرنے کی بات ہورہی ہے، کشمیر میں کئی ملازمین کو برخواست کیا جارہا ہے اور نوکریاں دینے کے بجائے لی جاتی ہیں۔ پی ڈی پی کی صدر نے کہا ’’کہیں جانا ہو تو باہر سے تالا لگاتے ہیں، گیٹ بند کرتے ہیں، تو ہم کیا کرسکتے ہیں، آپ کے پاس تو آپ کی زبان استعمال کرسکتے ہو، قلم استعمال کرسکتے ہو، باقی تو احتجاج کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ابھی آپ ملک میں دیکھئے، جہاں بد سے بدتر حالات ہیں وہاں لوگوں کو احتجاج کرنے کا حق ہے، یہاں تو آپ کو احتجاج کرنے بھی نہیں دیتے، اگر آپ کسی چیز کے خلاف پُرامن احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو وہ کرنے نہیں دیتے ہیں، اور جب بھی ان کا دل چاہتا ہے تو نظر بند کر دیتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 954521
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش