0
Saturday 18 Sep 2021 22:09
جے یو آئی ٹانک کی مجلس عمومی میں قائدین کی شرکت

ٹانک، حکومت کو گھر بھیجنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جے یو آئی

14 اکتوبر کو ہمارا پاور شو ہو گا، جسمیں PDM شریک ہوگی، لطف الرحمان
ٹانک، حکومت کو گھر بھیجنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جے یو آئی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی کے پالیمانی لیڈر مولانا لطف الرحمن نے کہا ہے کہ 14 اکتوبر کو پشاور میں مفتی محمود کانفرس کا انعقاد جے یو آئی کا پاور شو ہو گا، جس میں پی ڈی ایم کے اہم رہنماء شرکت کریں گے۔ کارکن بھرپور تیاری کریں۔ وہ جامعتہ المعارف الشریعہ میں جے یو آئی کے عہدیداران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر ہفتے مہنگائی کی مرتکب ہو رہی ہے، عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، چوری ڈکیتی عروج پر ہے، حکومت اور انتظامیہ نے عوام کو ڈاکوؤں اور چوروں کے رحم وکرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے حکومت اور اسمبلیاں چلانے کے معاملے میں ان پڑھ ہیں یا دھوکہ باز ہیں، اسمبلی میں بغیر اجازت بل پیش کرتے ہیں اور شور شرابے میں رولز کیخلاف بل پاس کر لیتے ہیں جو کہ غیر دستوری عمل ہے، اسمبلیوں کا وقار ڈی گریڈ کر دیا گیا ہے۔ مولانا لطف الرحمن نے کہا کہ صوبہ بھر میں چوری ڈکیتی کیخلاف اسمبلی میں آواز اٹھائینگے۔

دوسری جانب جمعیت علماء اسلام ٹانک کے ضلعی مجلس عمومی کا اجلاس مفتی محمود مرکز ٹانک میں منعقد ہوا، جس میں اراکین ضلعی مجلس عمومی نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء اجلاس سے جے یو آئی خیبر پختونخواہ کے امیر سینیٹر مولانا عطاءالرحمن، صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا عطاءالحق درویش، رکن قومی اسمبلی مفتی اسعد محمود، رکن صوبائی اسمبلی محمود احمد خان بیٹنی، ضلعی امیر مولانا امیر محمد جان و دیگر عہدیدران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اکتوبر مفتی محمود کانفرنس پشاور تاریخ ساز کانفرنس ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نالائق اور نااہل حکومت نے غریب کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے۔ کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام خیبرپختونخوا نے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف 19 ستمبر کو تمام اضلاع  میں احتجاج کا اعلان کیا ہے، مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ سلیکٹیڈ، نااہل اور نالائق حکومت کو گھر بھیجنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 954534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش