QR CodeQR Code

نظام ریاست مدینہ کا دینا تھا لیکن عالمی اسٹیبلشمنٹ کی ڈکٹیشن پر سیکولرازم مسلط کیا جا رہا ہے، لیاقت بلوچ

18 Sep 2021 23:08

اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل تبلیغ اسلام اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے لیے حکومتی قانون سازی، وقف املاک ایکٹ کے ذریعے مساجد، مدارس، خانقاہوں، امام بارگاہوں، منبر و محراب کے خلاف ریاستی دہشت گردی اور نصاب تعلیم کے خوشنما نعرے کیساتھ نظام تعلیم کی بربادی کے سدباب کے لیے قومی لائحہ عمل بنائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی اور سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے علماء اور دینی جماعتوں کے قائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے بیانیہ اور طرز عمل میں دو رنگی ہے۔ بات اچھی کردیتے ہیں اور عمل ملک و ملت کی تباہی کا کرتے ہیں۔ نظام ریاست مدینہ کا دینا تھا لیکن منظم پروگرام عالمی اسٹیبلشمنٹ کی منشا و ڈکٹیشن کے تحت ملک پر بدترین سیکولرازم مسلط کیا جا رہا ہے۔ اسلامی نظریہ، نظام تعلیم، معاشرت، انتخابی نظام اور نظام اقتصاد کو مسلسل ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ ملک بھر کی دینی اور نظریاتی قوتوں، دو قومی نظریہ کے علمبرداروں کو خواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا۔ خاموشی، غفلت ناقابل معافی جرم بن جائے گا۔

لیاقت بلوچ نے اعلان کیا کہ ملی یکجہتی کونسل تبلیغ اسلام اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے لیے حکومت کی خلاف اسلام قانون سازی، گھریلو تشدد کے سدباب کی آڑ میں مسلم خاندانی نظام کی توڑ پھوڑ، وقف املاک ایکٹ کے ذریعے مساجد، مدارس، خانقاہوں، امام بارگاہوں، منبر و محراب کے خلاف ریاستی دہشت گردی اور نصاب تعلیم کے خوشنما نعرے کیساتھ نظام تعلیم کی بربادی کے سدباب کے لیے قومی لائحہ عمل بنائے گی۔ ملک بھر میں سیمینار، جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد ہوگا۔ تمام دینی جماعتوں میں ازحد تشویش ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کی ناکامی حکومتی ناکامی کا نوشتہ دیوار ہے۔ ٹیم کا پاکستان آجانے کے بعد ٹور کا خاتمہ تاریخ کی بدترین بدنامی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 954548

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954548/نظام-ریاست-مدینہ-کا-دینا-تھا-لیکن-عالمی-اسٹیبلشمنٹ-کی-ڈکٹیشن-پر-سیکولرازم-مسلط-کیا-جا-رہا-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org