QR CodeQR Code

شہریار آفریدی کو نیویارک ایئرپورٹ پر دوسری اسکریننگ کیلئے روکا گیا

19 Sep 2021 10:31

ذرائع کے مطابق ان سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی جاتی رہی، شہریار آفریدی پہلی اسکریننگ میں امیگریشن حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ ایک باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی کو اسکریننگ کے لیے نیویارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ پر مختصر وقت کے لیے روکا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق شہریار آفریدی قطر ایئرلائنز کی پرواز کیو آر-0701 کے ذریعے 15 ستمبر کو دوپہر 3 بج کر 15 منٹ پر نیو یارک پہنچے تھے۔ ایئرپورٹ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ شہریار آفریدی پہلی اسکریننگ میں امیگریشن حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے تھے جس پر انہیں دوسری اسکریننگ کے لیے روک دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ان سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی جاتی رہی تاہم نیویارک میں موجود پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے ان کی دستاویزات کی تصدیق کے بعد انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ البتہ واشنگٹن مین موجود پاکستانی سفارت خانے کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی کو بلا تاخیر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ آنے والے مسافر کے طور پر شہریار آفریدی کو مختصر وقت کے لیے سیکنڈری اسکریننگ کے لیے رکھا گیا تھا اور سفارت خانے یا قونصل خانے کی جانب سے کسی کی مانگی گئی یا دی گئی ضمانت کے بغیر معمول کے مطابق کلیئر قرار دے دیا گیا۔ بعد ازاں ایک ملاقات میں شہریار آفریدی اور کشمیری حقوق کے سرکردہ کارکنوں نے امریکا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں مدد کرنے پر اتفاق کیا۔


خبر کا کوڈ: 954607

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954607/شہریار-ا-فریدی-کو-نیویارک-ایئرپورٹ-پر-دوسری-اسکریننگ-کیلئے-روکا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org