QR CodeQR Code

غواڑی واقعہ، اہل حدیث اور اہل تشیع کے مابین امن معاہدہ طے پا گیا

19 Sep 2021 12:02

معاہدے کے مطابق دونوں مسالک ایک دوسرے کی مذہبی رسومات اور مقدسات کا احترام کرنے کے پابند ہونگے۔ امن معاہدے پر اہل تشیع کے تین نمائندے شیخ اصغر علی، شیخ سجاد حسین مفتی اور شیخ ذوالفقار علی یعسوبی جبکہ اہل حدیث کے تین نمائندے مولانا دائود، مولانا یحییٰ سیف اور حفیظ الرحمن خلیق جبکہ صوبائی امن کمیٹی کے چھ اراکین شیخ ناصر حسین زمانی، مولانا سرور شاہ، ایمان شاہ، شیخ محمد جواد حافظی، مولانا ڈاکٹر محمد علی جوہر اور سید شمس الدین نے دستخط کیے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ غواڑی واقعہ کے تناظر میں اہل تشیع اور اہل حدیث کے مابین امن معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے مطابق دونوں مسالک ایک دوسرے کی مذہبی رسومات اور مقدسات کا احترام کرنے کے پابند ہونگے۔ امن معاہدے پر اہل تشیع کے تین نمائندے شیخ اصغر علی، شیخ سجاد حسین مفتی اور شیخ ذوالفقار علی یعسوبی جبکہ اہل حدیث کے تین نمائندے مولانا دائود، مولانا یحییٰ سیف اور حفیظ الرحمن خلیق جبکہ صوبائی امن کمیٹی کے چھ اراکین شیخ ناصر حسین زمانی، مولانا سرور شاہ، ایمان شاہ، شیخ محمد جواد حافظی، مولانا ڈاکٹر محمد علی جوہر اور سید شمس الدین نے دستخط کیے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کمشنر بلتستان اور ڈی سی گانچھے نے دستخط کیے ہیں۔

امن معاہدے کے مندرجات
''باعث تحریر آنکہ عاشوراء محرم 2021ء کے موقع پر موضع غواڑی میں جو افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو مکاتب فکر یعنی اہل تشیع اور اہل حدیث کے درمیان پیش آنے والے تنازع کے تصفیہ کیلئے گلگت بلتستان امن کمیٹی کے اراکین سید سرور شاہ، شیخ ناصر زمانی، ایمان شاہ، ڈاکٹر محمد علی جوہر، شیخ جواد حافظی کے علاوہ صوبائی وزراء، سینیئر وزیر راجہ ذکریا، کاظم میثم، وزیر محمد سلیم، راجہ محمد اعظم خان اور عبد الحمید و انتظامیہ کی شبانہ روز محنت سے فریقین سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے درمیان متعدد نشستیں ہوئیں۔ جس کے بعد مولانا عبدالواحد کی زیر قیادت اہل حدیث کے نمائندے وفد نے امامیہ مرکز سکردو تشریف لا کر علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی موجودگی میں اہل تشیع سے معافی تلافی کے بعد تنازعے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا اور آئندہ کیلئے کوئی نزاع باقی نہیں رہا اور اس طرح علاقے میں اتحاد و یگانگت کی اعلیٰ مثال قائم ہوئی۔

تاہم علاقے میں پائیدار امن اور مزید کسی ناخوشگوار واقعہ کے رونما ہونے سے روکنے کے لیے فریقین نے اس امر کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ علاقے میں بہتر امن و اتحاد کی فضاء کو قائم رکھنے کے لیے اور تفرقے کی حوصلہ شکنی کے لیے شرپسند عناصر (فریقین کے) کی سرکوبی، اخوت و برادری کی فضاء قائم رکھنے کے لیے فریقین ایک دوسرے کے مذہبی جذبات و احساسات کا احترام کرتے ہوئے اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے ایک دوسرے کی دل آزاری سے مکمل اجتناب کرینگے۔ امن معاہدہ میں طے پایا ہے کہ فریقین علاقے میں ایک دوسرے کی مذہبی رسومات اور مقدسات کا احترام کریں گے اور آئندہ ہر دو مکاتب فکر کے لوگ اپنی مذہبی رسومات اور اعمال کی انجام دہی میں ایک دوسرے کا احترام کریں گے، تاہم مستقبل میں کسی قسم کے امکانی تنازعات کو فریقین آپس میں مل بیٹھ کر افہام و تفہیم سے حل کریں گے۔

مزیذ براں بین المسالک ہم آہنگی و دیگر معاملات و تنازعات کے حل کے لیے اہل تشیع اور اہل حدیث مکتب فکر کے علمائے کرام جن میں اہل حدیث کے مولانا داؤد، مولانا یحییٰ سیف، حفیظ الرحمان خلیق جبکہ اہل تشیع مکتب فکر سے شیخ اصغر علی، شیخ سجاد حسین، شیخ ذوالفقار علی یعسوبی پر مشتمل علماء کی کمیٹی اپنا کردار ادا کریگی اور اس کمیٹی کی سرپرستی علامہ شیخ حسن جعفری اور ڈاکٹر محمد علی جوہر کرینگے، یہ کمیٹی علاقے میں وحدت و بھائی چارگی، امن و رواداری کی فضاء قائم رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریگی۔ تاہم تنازعات اس کمیٹی سے حل نہ ہونے کی صورت میں صوبائی امن کمیٹی سے رابطہ کیا جائیگا، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ ضلعے کے ڈپٹی کمشنر اس کمیٹی کے کنوینئر ہونگے۔''

غواڑی واقعہ
 یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کے علاقے غواڑی میں یوم عاشور کے جلوس کو روکا گیا تھا اور بعض شرپسندوں نے جلوس کے شرکاء پر پتھرائو کیا، جس کے نتیجے میں پچاس کے قریب مرد و خواتین زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد خطے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا اور علاقے کی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہوئی۔ بعد ازاں صوبائی امن کمیٹی اور دیگر مقامی علماء و عمائدین کی کوششوں سے فرقہ وارانہ کشیدگی کی فضا ختم ہوئی۔ اہل حدیث کے نمائندہ وفد نے سکردو میں انجمن امامیہ کے دفتر میں شیخ محمد حسن جعفری اور دیگر علماء سے ملاقات کی اور واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔ ساتھ یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ آئندہ غواڑی میں یوم عاشور کے جلوس کے دوران کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ اہل حدیث علماء کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد صورتحال معمول پر آگئی۔


خبر کا کوڈ: 954615

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954615/غواڑی-واقعہ-اہل-حدیث-اور-تشیع-کے-مابین-امن-معاہدہ-طے-پا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org