0
Monday 20 Sep 2021 19:03

اہلسنت کی 25 جماعتوں نے انسداد مذہب تبدیلی بل کو مسترد کر دیا

اہلسنت کی 25 جماعتوں نے انسداد مذہب تبدیلی بل کو مسترد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ چئیرمین محافظان نظریہ پاکستان پیرزادہ محمد امین نے سنی تحریک پنجاب کی میزبانی میں اہلسنت جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ انسداد مذہب تبدیلی بل کو فی الفور واپس لے ورنہ ملک گیر تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہب تبدیلی کا بل غیر شرعی ہے، اسلام میں کوئی جبر نہیں اور نہ ہی قبول اسلام کیلئے کوئی عمر کی قید ہے، حکومت بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے سے باز آ جائے، قبول اسلام بل کی دفعات نظریہ پاکستان سے متصادم ہیں۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ وقف پراپرٹیز بل کا معاملہ بھی جوں کا توں ہے، مزارات اور خانقاہوں کو بھی حکومتی تحویل میں نہیں جانے دیں گے، کبھی گھریلو تشدد بل تو کبھی کسی اور بل کے نام پر پاکستان اور اسلام کیخلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا داتا صاحب کا سالانہ عرس شایان شان سے منعقد کیا جائے منسوخی قبول نہیں ہوگی۔

علما و مشائخ کا کہنا تھا کہ حکومت سود کو حرام قرار دے اور سود سے پاک معیشت قائم کرے، علماء و مشائخ اہلسنت پر فورتھ شیڈول ختم اور گرفتاریاں بند کرکے رہا کیا جائے، حکمران قائداعظم کا نفاذ اسلام کا وعدہ پورا کریں، قادیانیوں کو اہم عہدوں سے فارغ کیا جائے، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل آزادی صحافت پر حملہ ہے، بھارت اسرائیل اور امریکہ دہشتگردوں کی پشت پناہی ختم کریں داعش اور تحریک طالبان پاکستان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں قاری زوار بہادر، مولانا مجاہد عبدالرسول، پیر سید واجد گیلانی، ڈاکٹر مفتی حسیب قادری، ڈاکٹر مفتی کریم خان، پیر اختر رسول، پیر معاذ المصطفی، مفتی عمران نظامی، علامہ مرتضی ہاشمی، محمد اعظم نعیمی، مفتی ابوبکر، حافظ نصیر نورانی، پیر اشرف سلطانی سمیت دیگر قائدین شریک ہوئے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ افواج پاکستان کی قیام امن کیلئے قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، شہدائے پاکستان اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک مشترکہ تجارت اور کرنسی کو فروغ دیں، بھارت کشمیر میں اور اسرائیل فلسطین میں غاصبانہ قبضہ ختم کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے، ملک بھر میں مزارات اولیاء کو ایس او پیز کے تحت فوری کھول دیا جائے، رہنماؤں نے ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے اجلاس طلب کرنے اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں آستانہ عالیہ شرقپور، جمعیت علمائے پاکستان نورانی، سنی تحریک، سنی اتحاد کونسل، جمعیت علمائے پاکستان نیازی، جماعت اہلسنت، تحریک لبیک اسلام، محافظان ختم نبوت، انجمن طلباء اسلام ،ملی یکجہتی کونسل، پاکستان فلاح پارٹی، جماعت اہل حرم کے نمائندگان شریک ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 954734
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش