0
Monday 20 Sep 2021 22:32

عالمی امن صرف ایک دن مختص کرنے سے نہیں، عملی اقدامات اٹھانے سے آئیگا، علامہ ساجد نقوی

عالمی امن صرف ایک دن مختص کرنے سے نہیں، عملی اقدامات اٹھانے سے آئیگا، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں عالمی امن صرف ایک دن مختص کرنے سے نہیں، عملی اقدامات اٹھانے سے آئیگا، دنیا نے دیکھ لیا جنگیں مسائل کا حل نہیں، مزید مسائل پیدا کرتی ہیں، کئی ممالک ان مسائل کا بڑا ثبوت ہیں، جب تک عالمی سطح پر، ریاستی سطح پر اور معاشرتی سطح پر محکوم عوام کو بنیادی حقوق فراہم نہیں کئے جاتے، جب تک غاصب ریاستیں کشمیر و فلسطین جیسے خطوں کو ہٹ دھرمی و ظلم و جبر کا شکار کرنا بند نہیں کرتیں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے اور عالمی امن کے قیام کو خطرات رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم امن پر اپنے بیان میں کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ صرف ایک دن مختص کرنے سے دنیا میں امن قائم نہیں ہوگا، اس سلسلہ میں ٹھوس اقدامات اٹھانے ہونگے، جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر اور مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین عالمی اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ دنیا نے جبر و ظلم کے ساتھ اور اقتدار کے نشے میں چور ہو کر ریاستوں پر چڑھ دوڑنے کا انجام دیکھ لیا کہ جنگیں مزید مسائل پیدا کرتی ہیں، انسانی المیے جنم دیتی ہیں۔ طاقت کے نشے میں کس کس طرح سے انسانیت کو امن کے دل فریب نعروں کے ساتھ تہہ تیغ کیا گیا، مگر افسوس اب ایک نئی گیم کے ذریعہ اسرائیل کے لئے راستہ ہموار کیا جارہا ہے، جس سے خود اسلامی دنیا میں خلیج بڑھ گئی ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ جب تک عالمی سطح پر، ریاستی سطح پر اور معاشرتی سطح پر محکوم عوام کو بنیادی حقوق فراہم نہیں کئے جاتے، جب تک بھارت و اسرائیل جیسی غاصب ریاستیں مظلوم کشمیریوں و فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھاتی رہیں گی تو دنیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن رہے گا۔ جب تک اقوام متحدہ طاقتور ملکوں کی باندی کا کردار ادا کرے گی اور ماسوائے مذمت و ایام مختص کرنے کے کوئی عملی اقدام نہ اٹھائے گی تو امن صرف خواب ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن کو بھی تہہ و بالا کرنے کی سازش کی گئی، مگر ہم نے اتحاد و وحدت کا پرچم بلند کرتے ہوئے اس سازش کو ناکام بنایا۔ ریاست کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آزادی اظہار کے ساتھ بنیادی شہری حقوق کے لئے اقدامات اٹھائے کیونکہ معاشروں کے پائیدار امن میں شہری آزادیوں کا کردار مسلّم ہے۔
خبر کا کوڈ : 954862
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش