QR CodeQR Code

چیف جسٹس پاکستان بدھ سے کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کرینگے

20 Sep 2021 23:19

تین رکنی بینچ کراچی میگا تجاوزات کیس سماعت کریگا۔ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس قاضی محمد یامین احمد تین رکنی بینچ میں شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد بدھ بائیس ستمبر سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد 22 ستمبر سے کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس قاضی محمد یامین احمد تین رکنی بینچ میں شامل ہیں۔ بینچ 24 ستمبر تک کراچی میں اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کراچی میگا تجاوزات کیس سماعت کریگا۔ 22 ستمبر کو سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان عمل درآمد کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری، کمشنر کراچی کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو بھی نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ تمام کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسران، ڈی جی کے ڈی اے، چیئرمین کے پی ٹی، چیئرمین پی آئی اے، ڈی جی پارکس، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، سیکرٹری ریلوے کو بھی نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

تین رکنی بینچ کراچی کے 35 ہزار رفاعی پلاٹوں پر قبضے کیس کی بھی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے تمام رفاعی پلاٹس واگزار کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔ ریلوے اراضی پر قبضے سے متعلق کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ تیجوری ہائٹس اور کراچی سرکلر ریلوے اراضی قبضہ کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔ تین رکنی بینچ کے روبرو ڈی ایچ اے میں پانی کی عدم فراہمی کا کیس بھی سماعت ہوگی۔ کراچی جیم خانہ کی اراضی پر غیر قانونی تجاوزات، چائنہ کٹنگ، گرین بیلٹس پر قبضوں اور تجاوزات کا کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ رہائشی پلاٹوں پر شادی ہالز بنانے کا کیس اور صوبائی وزیر سعید غنی کیخلاف توہین عدالت کا کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر سعید غنی کو سماعت کے لیے نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 954869

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/954869/چیف-جسٹس-پاکستان-بدھ-سے-کراچی-رجسٹری-میں-اہم-مقدمات-کی-سماعت-کرینگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org