0
Tuesday 21 Sep 2021 10:16

گلگت، الیکشن ٹریبونلز کا قیام، چیف کورٹ کے دو ججز تعینات

گلگت، الیکشن ٹریبونلز کا قیام، چیف کورٹ کے دو ججز تعینات
اسلام ٹائمز۔ جی بی کے عام انتخابات کے ٹھیک نو ماہ بعد انتخابی عذرداریوں کی شنوائی کیلئے الیکشن ٹریبونلز کا قیام عمل میں لایا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے چیف جسٹس چیف کورٹ جسٹس علی بیگ کی مشاورت سے الیکشن ٹریبونل کے دو ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق چیف کورٹ کے جج جسٹس ملک عنایت الرحمٰن اور جسٹس جوہر علی الیکشن ٹریبونلز کے ججز ہونگے۔ شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جی بی راجہ شہباز خان نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ ٹربیونلز گلگت بلتستان الیکشن 2020 سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کریں گے۔ دو ہزار بیس کے گلگت بلتستان کے عام انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو 12 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

گزشتہ ماہ پیپلزپارٹی کے صوبائی قائدین نے دھمکی دی تھی کہ الیکشن ٹریبونلز کا قیام عمل میں نہ لایا گیا تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ پیپلزپارٹی کا موقف ہے کہ گلگت حلقہ ون میں دھاندلی کے زریعے ان کے امیدوار جمیل احمد کو ہروایا گیا۔ واضح رہے کہ پولنگ کے روز گلگت حلقہ ون کا نتیجہ اس وقت تنازعہ کا شکار ہوا جب پیپلزپارٹی کے امیدوار جمیل احمد کی چیت اچانک ہار میں تبدیل ہو گئی اور تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ خان کامیاب قرار پائے۔ پی پی نے ڈی آر او آفس کے سامنے دو دن تک دھرنا بھی دیا جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے تھے۔ اس حلقے سے نون لیگ کے امیدوار سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن، پیپلزپارٹی کے جمیل احمد اور تحریک انصاف کے فتح اللہ خان مدمقابل تھے۔
خبر کا کوڈ : 954921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش