0
Tuesday 21 Sep 2021 10:41

جی بی میں ماحولیات کا الگ محکمہ بنانے کی تجویز زیر غور

جی بی میں ماحولیات کا الگ محکمہ بنانے کی تجویز زیر غور
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ گلیشئرز اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ماحولیات کا الگ محکمہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ماحولیات کے تحفظ کیلئے ماحولیاتی ایکٹ جلد لایا جائے گا۔ یو این ڈی پی کی جانب سے گلاف پروجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پروزیر اعلیٰ خالد خورشید کا کہنا تھا کہ جس رفتار سے گلیشئرز پگھل رہے ہیں وہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔ صوبائی حکومت موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچائو اور گلیشئرز کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ بے دریغ جنگلات کے کٹائو کے انتہائی منفی نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ حکومت گلگت  بلتستان نے جنگلات کے تحفظ اور فروغ کیلئے محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے گرین پاکستان ویژن کے تحت 10 بلین ٹری سونامی اور حکومت گلگت بلتستان اپنے وسائل سے بھی جنگلات کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محکمہ پلاننگ کو ہدایت کی کہ گلیشیرز ایریا میں جنگلات کے فروغ، ڈیزاسٹر ایریاز کی نشاندہی، سلوپ سٹیبلائزیشن اور ماسٹر پلاننگ کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 954924
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش