QR CodeQR Code

اردو صحافت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، معصوم مرادآبادی

21 Sep 2021 19:49

سینئر صحافی محمد احمد کاظمی نے کہا کہ معصوم مرادآبادی کی یہ کتاب جنگ آزادی میں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی ایک اہم دستاویز ہے اور ڈی یو جے نے انکے اعزاز میں یہ محفل منعقد کرکے بڑا کام کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اردو صحافت ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے اور اس نے ملک کی آزادی کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار دہلی میں سینئر صحافی معصوم مرادآبادی نے ایک تہنیتی تقریب کے دوران کیا۔ اردو صحافت اور جنگ آزادی 1857ء کے موضوع پر حال ہی میں ان کی ایک ہندی کتاب منظر عام پر آئی ہے، جس میں اردو صحافیوں کی قربانیوں کی ولولہ انگیز داستان رقم ہے۔ دہلی یونین آف جرنلسٹس اور نیشنل الائنس آف جرنلسٹس کی طرف سے منعقدہ اس تقریب میں معصوم مرادآبادی نے کہا کہ اب سے دو سو سال پہلے اردو کا پہلا اخبار ’جام جہاں نما‘ پنڈت ہری ہردت اور پنڈت سدا سکھ نے کلکتہ سے شائع کیا تھا۔ آج دو سو سال بعد جب ہم یہ دیکھتے ہیں کہ شمالی ہند کے دو بڑے اخباروں کے مالکان کے نام سنجے گپتا اور سبرتو رائے ہیں تو ہمیں خوشی ہوتی ہے کہ اردو صحافت آج بھی اپنے محور پر قائم ہے۔

اس موقع پر ڈی یو جے کے صدر ایس کے پانڈے نے معصوم مرادآبادی کا استقبال کرتے ہوئے کہا یونین کے ساتھ ان کی چالیس سالہ سرگرم وابستگی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم مرادآبادی نے اردو صحافت کی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور اب وہ اپنی تحقیق و جستجو سے جنگ آزادی میں اردو صحافیوں کی ناقابل فراموش قربانیوں کو منظر عام پر لارہے ہیں۔ ان کی تازہ ہندی کتاب اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس میں انہوں نے پہلے شہید صحافی مولوی محمد باقر پر خصوصی مواد پیش کیا ہے۔ ایس کے پانڈے نے کہا کہ معصوم مرادآبادی زمین سے جڑے ہوئے ایسے صحافی ہیں، جنہوں نے بہت نیچے سے اپنا سفر شروع کرکے اردو صحافیوں کی صف اوّل میں جگہ بنالی ہے۔ یہاں تک پہنچنے کے لئے انہوں نے بڑی محنت، جدوجہد اور دیانت داری سے کام لیا ہے۔

اس موقع پر سینئر صحافی محمد احمد کاظمی نے کہا کہ معصوم مرادآبادی کی یہ کتاب جنگ آزادی میں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی ایک اہم دستاویز ہے اور ڈی یو جے نے ان کے اعزاز میں یہ محفل منعقد کرکے بڑا کام کیا ہے۔ اس موقع پر یونین کے صدر ایس کے پانڈے نے ’نئی دنیا‘ کے ایڈیٹر شاہد صدیقی اور ’انقلاب‘ (نارتھ) کے ایڈیٹر ایم ودود ساجد کا ایک پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ تہنیتی تقریب میں ہندی، انگریزی اور اردو کے صحافی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ آخر میں یونین کی جنرل سیکریٹری سجاتا مدھوک نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صاحب اعزاز کو شال اور گلدستہ پیش کرکے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 955012

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/955012/اردو-صحافت-فرقہ-وارانہ-ہم-آہنگی-کی-بہترین-مثال-ہے-معصوم-مرادآبادی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org