QR CodeQR Code

زائرین اربعین کے حوالے سے این سی او سی کا نوٹیفکیشن، شیعہ علماء کونسل کو تحفظات

21 Sep 2021 23:36

علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا ہے کہ حکومت بین الاقوامی مہمانوں کی طرح زائرین کو بھی یکساں سہولیات فراہم کرے، سخت ترین شرائط کیساتھ زائرین کربلا کو انتہائی قلیل تعداد کو اجازت دینا باعث تشویش ہے، حکومت اپنے اقدامات پر نظرثانی کرے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے زائرین اربعین حسینیؑ کے حوالے سے جاری کئے گئے این سی او سی کے نوٹیفکیشن پر تحفظات کا اظہار کر دیا گیا، مرکزی رہنماء شیعہ علماء کونسل علامہ عارف حسین واحدی کہتے ہیں کہ حکومت بین الاقوامی مہمانوں کی طرح زائرین کو بھی یکساں سہولیات فراہم کرے، سخت ترین شرائط کے ساتھ زائرین کربلا کو انتہائی قلیل تعداد کو اجازت دینا باعث تشویش ہے، حکومت اپنے اقدامات پر نظرثانی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این سی او سی کی جانب سے اربعین حسینیؑ کے موقع پر زائرین کو سخت ترین شرائط کے ساتھ جاری کئے گئے نوٹیفکیشن پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ جب عراقی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لئے 5000 ہزار زائرین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے تو پھر صرف 1300 سے 1500 زائرین تک ہی کیوں محدود کیا گیا ہے، عوام کی بڑی تعداد امام عالی مقامؑ اور ان کے جانثاروں کا چہلم منانے کربلا جانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک ہفتے کے مختصر ترین دورانیہ کے لئے بھی کڑی ترین شرائط عائد کر دی گئی ہیں، جبکہ تفتان بارڈر کی بجائے صرف ہوائی سفر کے ذریعے ہی زائرین کو جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینیٹڈ زائرین کو ملک روانگی سے قبل 24 گھنٹے لازمی قرنطینہ کے ساتھ ائیر پورٹ پر RAT لازمی جبکہ واپسی پر 48 گھنٹے کے دوران RT PCR ٹیسٹ نیگیٹیو ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے اور ٹیسٹ پازیٹو آنے کی صورت میں 10 روز کا قرنطینہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جبکہ دیگر ملکوں سے آنیوالے بین الاقوامی مسافروں اور مہمانوں کیلئے ایسی کوئی شرط نہیں ہے، جو کہ سراسر زائرین کے ساتھ زیادتی ہے۔ ہم ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ زائرین کربلا کیساتھ بھی ویسا ہی یکساں برتاﺅ برتیں، جیسا دیگر بین الاقوامی مہمانوں کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ سید ساجد نقوی کی ہدایت پر ہم نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنا کردار ادا کیا جبکہ ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے بھی فضا کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا، مگر افسوس اس کے باوجود زائرین کے کوٹے کو نہ صرف کم کیا گیا بلکہ ان کیلئے نئی مشکلات کھڑی کر دی گئیں، ایک طرف کورونا وبا کی کمی تو دوسری جانب اس طرح کے متضاد اقدامات سے ملک کی بین الاقوامی سطح پر بدنامی ہوگی، لہٰذا ارباب اختیار اس نوٹیفکیشن کو واپس لیں۔


خبر کا کوڈ: 955069

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/955069/زائرین-اربعین-کے-حوالے-سے-این-سی-او-کا-نوٹیفکیشن-شیعہ-علماء-کونسل-کو-تحفظات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org