0
Wednesday 22 Sep 2021 21:14

زائرین کربلا کے حوالے سے این سی او سی دوہرے معیار کا شکار ہے، علامہ اسدی

زائرین کربلا کے حوالے سے این سی او سی دوہرے معیار کا شکار ہے، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ زائرین کیلئے الگ سے کورونا ایس او پیز طے کرنا تکفیری عناصر کی حوصلہ افزائی کرنے کا باعث بنے گا، این سی او سی کے دوہرے معیار کا یہ عمل ایک خاص مائنڈ سیٹ کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے ایس او پیز جاری کرنے سے قبل اس بات کا بھی خیال نہیں رکھا کہ 18 سال سے کم عمر افراد کو دوسری ڈوز لگنے کا ابھی وقت بھی نہیں ہوا، این سی او سی کے اقدامات اسی طرح کے رہے تو پاکستان میں کورونا کے حوالے سے پالیسیوں کا خدا ہی حافظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح سے ایک اور بڑا المیہ سامنے آیا ہے کہ زائرین کی واپسی پر  قرنطینہ میں رکھنا لازم کر دیا گیا ہے۔ اس غیر ضروری اقدام کو فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت ہے، بصورت دیگر زائرین میں اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقامات مقدسات سے واپسی پر کسی بھی زائرِ حسین علیہ السلام کا کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تو یقیناً انہیں قرنطینہ کیا جائے لیکن یہ کہاں کا قاعدہ ہے کہ صرف ایک خاص مسلک کے تمام لوگوں کو قرنطینہ کے نام پر قید اور حبس بے جا میں رکھیں جبکہ دیگر تمام انٹرنیشنل فلائٹس سے آنیوالے شہریوں کا ریپٹ ٹیسٹ منفی آنے پر گھر جانے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس فعل سے این سی او سی کی زائرین امام حسین علیہ السلام سے مخالفت پر مبنی بدنیتی کی بو آتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ایک ہی ملک کے شہریوں کیساتھ دو طرح کے برتاؤ کا نوٹیفکیشن جاری کرنیوالے مبینہ طور پر این سی او سی کے ذمہ داران سے اس نا اہلی پر پوچھ گچھ کی جائے اور غلطی کرنیوالوں کی انکوائری کی جائے آیا یہ کسی ملک دشمن سازشی عنصر کے بہکاوے میں آکر مادر وطن میں انتشار پھیلانے کی سازش کا حصہ تو نہیں بن رہے، اور دوسرے فوری طور پر فقط زائرین کیلئے قرنطینہ کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، جس میں زائرین کیساتھ بھی ویسا ہی برتاؤ رکھا جائے جیسا دیگر انٹرنیشنل فلائٹس میں آنیوالے شہریوں کیساتھ کیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 955095
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش