0
Wednesday 22 Sep 2021 11:48

عرس داتا صاحبؒ پر کورونا ایس او پیز پر عمل کروائیں گے، وزیر اوقاف

عرس داتا صاحبؒ پر کورونا ایس او پیز پر عمل کروائیں گے، وزیر اوقاف
اسلام ٹائمز۔ حضرت داتاگنج بخش ؒعلی ہجویری کے 978ویں سالانہ عرس کے انتظامات و تقریبات کے سلسلہ میں سید سعید الحسن شاہ وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی زیر صدارت پریس کلب لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف پنجاب اور خالد محمود سندھو زونل ایڈمنسٹر یٹر اوقاف داتا دربار لاہور نے شرکت کی۔

وزیر اوقاف نے بتایا کہ عرس مبارک کی تمام تقریبات میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ کرونا ایس او پیز پر ہر صورت میں عملدرآمد کرایا جا ئے گا۔ محکمہ اوقاف کی طرف سے زائرین کیلئے لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات اور انتظامات کیلئے ایک کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ دربار حضرت داتا گنج بخشؒ لاہور کا سالانہ عرس مبارک مورخہ 26 تا 28 ستمبر بروز اتوار، پیر اور منگل کو منعقد ہوگا۔ جس کا باقاعدہ آغاز 11 بجے دن رسم چادر پوشی سے ہوگا۔ بعد ازاں حسب روایت سبیل دودھ کا افتتاح کیا جائے گا۔

حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے حوالے سے استقبالیہ تقریبات کا آغاز انٹرنیشنل کانفرنس سے ہوگا۔ اس سلسلہ میں بروز بدھ 10 بجے دن رازی ہال نیو کیمپس پنجاب یورنیورسٹی لاہور میں ہوگا۔ کانفرنس کے دوسرے روز 10 بجے دن بخاری آڈیٹوریم جی سی یونیورسٹی لاہور میں کانفرنس ہوگی، جبکہ بروز جمعتہ المبارک کو معروف دانشور پروفیسر احمد رفیق اختر خصوصی لیکچر صبح 10 بجے دن بمقام دربار حضرت داتا گنج بخشؒ دیں گے۔ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے جائیں گے۔

اس موقع پر زائرین کیلئے محکمہ اوقاف کی طرف سے 133عدد سکیورٹی و کلوز سرکٹ کیمرے نگرانی کیلئے نصب کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ پولیس کی طرف سے بھی 2000 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 02 ایلیٹ فورس کی گاڑیاں، 02 سیکنگ مشین، 11 واک تھرو گیٹ 15 میٹل ڈیٹیکٹرز شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 955121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش