0
Wednesday 22 Sep 2021 20:40

کشمیر بدترین معاشی اور اقتصادی صورتحال سے دوچار ہے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ

کشمیر بدترین معاشی اور اقتصادی صورتحال سے دوچار ہے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ کشمیر (مقبوضہ) ایک بدترین معاشی اور اقتصادی صورتحال سے گذر رہا ہے اور یہاں کے ہر ایک شعبے پر جمود چھایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تینوں خطوں کے لوگ نہایت کسمپرسی اور ناگفتہ بہہ صورتحال سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے موجودہ حالات چیخ چیخ کر اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ مودی حکومت نے کشمیر سے متعلق 5 اگست 2019ء کو جو فیصلے لئے وہ سرے سے ہی ناکام ثابت ہوئے ہیں اور دو سال سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی لوگ ان فیصلوں کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کے لوگوں نے روز اول سے ہی ان فیصلوں کو مسترد کیا ہے اور جس طرح سے لداخ اور جموں کی آبادی اس وقت سراپا احتجاج ہے وہ مودی حکومت کے لئے چشم کُشا ہونا چاہیئے۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ اپنی رہائشگاہ پر حضرت بل اور وادی کے مختلف علاقوں سے آئے وفود کے ساتھ تبادلہ خیالات کررہے تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے تینوں خطوں کے عوام کی جماعت ہے اور ہماری جماعت ہر صورتحال میں عوام کی بات کرتی رہے گی اور عوامی اُمنگوں، احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی مایوسی اور اس کے منفی اثرات پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ حالات کی خرابی، غیر یقینیت صورتحال اور بے چینی کا سب سے زیادہ منفی اثر ہماری نوجوان پود پر پڑا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں میں ڈپریشن، خودکشی کا رجحان اور منشیات کے استعمال تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ہر کسی شہری خصوصاً والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ بچوں کو دین کی تربیت دیں اور انہیں خوفِ خدا میں رہنے کی ترغیب دیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، اسی مکمل دین نے دنیا میں صالح نظام کی بنیاد ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی، انسانیت کی اعلیٰ قدروں پر مبنی تعلیم دیتا ہے اور ساتھ ہی عد و انصاف اور مساوات بھی سکھاتا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ دین کے ساتھ رغبت ہی نوجوانوں کو منشیات اور دیگر برے کاموں سے دور رکھ سکتی ہے اور اللہ تعالیٰ خوشنودی اور رسول اکرم (ص) کی اطاعت ہی ہمیں موجودہ چیلنجوں سے نجات بھی دے سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 955211
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش