QR CodeQR Code

حیدرآباد اور شہری سندھ کے نوجوانوں کو نوکریوں سے محروم رکھا جارہا ہے، فیصل سبزواری

22 Sep 2021 23:22

پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ پچھلے چالیس سال سے سندھ کی متعصب نسل پرست حکومت نے کراچی، حیدرآباد اور شہری سندھ کا نا ہی صحت کا نظام درست کیا، نا تعلیم کا نظام درست کیا ہے، سڑکیں موہن جو دڑو کا منظر پیش کررہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن و سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ پاکستان میں تمام قومیتیں اپنا کلچر ڈے مناتی ہیں، ایم کیو ایم 24 تا 26 ستمبر ایام ہجرت منائے گی جبکہ 2 اکتوبر کو حیدرآباد میں شہری سندھ کے حقوق کیلئے ریلی کا انعقاد کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز بہادرآباد پر اراکین رابطہ کمیٹی خالد سلطان، شکیل احمد، ارشاد ظفر، ابوبکر، اسلم آفریدی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ مہاجر قوم ایک زمین و خطے سے تعلق نہیں رکھتی تھی بلکہ بھارت کے شمال و جنوب وسط پورے بھارت میں تھے، بھارت سے ہجرت کرکے آنے والوں نے فخر سے اپنے آپ کو مہاجر کہلوایا، ایام ہجرت کے سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام مشاعرہ، مکالمہ اور برصغیر میں فخر سے منانے والی محفل سماں قوالی کا پروگرام رکھے گئے ہیں اور تحریک پاکستان اور پاکستان کی خاطر لاکھوں جانوں کی قربانیاں دینے کی تاریخ عوام کے سامنے رکھیں گے۔

فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ حیدرآباد اور شہری سندھ کے نوجوانوں کو نوکریوں سے محروم رکھا جارہا ہے، حیدرآباد کے ہسپتالوں سے وینٹی لیٹرز لاڑکانہ منتقل کردیئے جاتے ہیں، پچھلے چالیس سال سے سندھ کی متعصب نسل پرست حکومت نے کراچی، حیدرآباد اور شہری سندھ کا نا ہی صحت کا نظام درست کیا، نا تعلیم کا نظام درست کیا ہے، سڑکیں موہن جو دڑو کا منظر پیش کررہی ہیں اور یہاں تک کے کورونا ویکسین فائزر جو سندھ حکومت کے ہاتھ آئی ہے اس کو بھی عوام کو نہیں لگا رہی اب ویکسین ایکسپائر ہونے کے مراحل میں داخل ہورہی ہیں، سندھ کے صحت کا بجٹ کھربوں روپے کا ہے مگر آپ ہسپتالوں میں جاکر دیکھ لیں ہسپتال کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں، سرکاری سطح پر وسائل کو لوٹنا سندھ حکومت کیلئے عام بات ہے۔


خبر کا کوڈ: 955253

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/955253/حیدرآباد-اور-شہری-سندھ-کے-نوجوانوں-کو-نوکریوں-سے-محروم-رکھا-جارہا-ہے-فیصل-سبزواری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org