0
Wednesday 22 Sep 2021 23:59
ہم افغانستان کے پڑوسی اور تاریخی رشتوں میں جڑے ہیں

امریکی سفارتخانے کا وفد مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گیا

طالبان سے ہمدردی رکھیں اور انکی حکومت تسلیم کریں، مولانا فضل الرحمان
امریکی سفارتخانے کا وفد مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گیا
اسلام ٹائمز۔ سیاسی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے امریکی سفارتخانے کے اعلیٰ سطحی وفد کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہوئی ہے۔ جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اسلم غوری کے حوالے سے میڈیا رپورت میں بتایا گیا ہے کہ امیر جے یو آئی سے ملاقات کرنے والے اعلیٰ سطحی وفد میں پولیٹیکل قونصلر، پولیٹیکل آفیسر اور پولیٹیکل اکنامک سیکشن کے چیف شامل تھے۔ وفد کی قیادت رچرڈ نیلسر ہیڈ آف دی مشن نے کی۔ جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغانستان کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افغانستان میں طالبان کے برسر اقتدار آنے اور امریکی انخلا پر کہا تھا کہ وہ اب سپر پاور کہلانے کا حقدار نہیں رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے تین دن قبل کہا تھا کہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنا افغانستان کو تسلیم کرنا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں زور دیا تھا کہ طالبان سے ہمدردی رکھیں اور فوراً ان کی حکومت کو تسلیم کریں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چین اور روس دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں بھی رابطہ رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے براہ راست پڑوسی ہیں اور اس کے ساتھ تاریخی رشتے میں منسلک ہیں۔ امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پر امن اور مستحکم نظام لانے کے لیے تعاون کریں۔
خبر کا کوڈ : 955261
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش