0
Thursday 23 Sep 2021 11:11

وزیر قانون پنجاب کا چہلم کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کا حکم

وزیر قانون پنجاب کا چہلم کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ لاہور میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ہاشم ڈوگر، آئی جی پنجاب راو سردار علی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ وزیر قانون نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ یوم عاشور کی طرز پر چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں برآمد ہونیوالے جلوسوں کے روٹس پر اضافی نفری تعینات کی جائے، عزاداروں کو جامہ تلاشی کے بعد جلوس میں شریک ہونے دیا جائے۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے، یہ وہ شرپسند ہیں جو اپنے گھر میں بیٹھ پر ملک میں آگ لگانے کا فعل سرانجام دے رہے ہیں، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ اجلاس میں خواتین پر تشدد اور ہراسگی کیخلاف کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار پنجاب بھر میں اینٹی ویمن سیلز کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، خواتین کیخلاف جرائم میں ملوث افراد کی سزایابی کی شرح بہت کم ہے، اسے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اور پراسیکیوشن گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو سخت ترین سزائیں دلوانے کیلئے موثر اقدامات کریں۔
خبر کا کوڈ : 955311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش