QR CodeQR Code

وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی، خرم شیر زمان

23 Sep 2021 22:04

انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی کراچی نے کہا کہ سندھ میں کرپشن کا ریکارڈ بڑھ رہا ہے، وزیراعظم سندھ کیلئے بے تحاشہ فکرمند ہیں، سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کے چنگل سے نکالنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے اچھی ملاقات ہوئی، عمران خان جیسے سچے لیڈر کو دیکھ کر مزید ہمت بڑھ جاتی ہے، ملاقات میں ہم نے وزیراعظم کو سندھ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی، پی ٹی آئی رہنما عدنان اسماعیل، اظہر لغاری، نواز مندوخیل اور دیگر موجود تھے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے، وزیراعظم وزراء کو ٹارگٹ دے رہے ہیں، وزراء کی کارکردگی براہ راست نظر آرہی ہے، جو وزیر اپنی کارکردگی سرانجام نہیں دے گا اس کی جگہ کسی دوسرے وزیر کو موقع دیا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کرپشن کا ریکارڈ بڑھ رہا ہے، وزیراعظم سندھ کیلئے بے تحاشہ فکرمند ہیں، سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کے چنگل سے نکالنا چاہتے ہیں، وزیراعظم نے سندھ کے لوگوں کیلئے پیغام دیا ہے کہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی، وزیراعظم کے ترقیاتی فنڈز سے کراچی میں کام کئے گئے، ہم نے وزیراعظم کو بتایا کہ ہم نے کراچی میں پیور پتھر سے گلیوں میں کام کرایا، کراچی کے پارکس کی تعمیر کے حوالے سے بھی وزیراعظم کوآگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بتایا ہے کہ آیندہ دنوں میں وہ سندھ کے دورے کریں گے، گورنر سندھ کو وزیراعظم نے اہم ٹاسک دیئے ہیں، گرین لائن کی بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں، وزیراعظم نے کے سی آر کیلئے 20.7 ارب منظور کرلئے ہیں، یہ بجٹ انفراسٹرکچر کیلئے خرچ کیا جائیگا، کے سی آر ایک بہت بڑا منصوبہ ہے، کے سی آر منصوبے کیلئے اسد عمر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ایک اور بڑی خوشخبری ہے کہ حیدر آباد سکھر موٹر وے کا ٹینڈر کیا جاچکا ہے، ہمیں یقین ہے یہ منصوبہ بہت کارآمد ثابت ہوگا، عوام کیلئے سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی، یہ تمام کام سندھ حکومت کو کرنے چاہیئے، 13 سالوں میں سندھ حکومت نے سندھ کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے، حیدرآباد سکھر موٹر وے منصوبہ سندھ کے لوگوں کیلئے سفری آسانیاں پیدا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے لئے سب سے زیادہ کام کررہی ہے، 7.5 کروڑ لوگوں کو وفاقی حکومت کی جانب سے ویکسین لگ چکی ہیں، برطانیہ کے وزیراعظم نے عمران خان کی پالیسوں کو سراہا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان ترقی کررہا ہے، 12جماعتوں کے ٹبر نے پاکستان کیلئے کوئی خدمات نہیں دیں۔


خبر کا کوڈ: 955404

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/955404/وزیراعظم-نے-پیغام-دیا-ہے-کہ-سندھ-میں-اگلی-حکومت-پی-ٹی-آئی-کی-ہوگی-خرم-شیر-زمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org