0
Thursday 23 Sep 2021 22:40

کراچی آج بھی بنیادی بلدیاتی سہولیات سے محروم، لوگ مزید ٹیکس نہیں دیں گے، وسیم اختر

کراچی آج بھی بنیادی بلدیاتی سہولیات سے محروم، لوگ مزید ٹیکس نہیں دیں گے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے پیپلز پارٹی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو نئے ٹیکس کی ضرورت نہیں، صرف سندھ حکومت شہر قائد کا آمدن میں حصہ وقت پر ادا کرے۔ بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر وسیم اختر اور رہنماء محمد حسین نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے کے الیکٹرک کو متنبہ کیا کہ وہ بجلی کے بلوں میں شہریوں سے ایم یو سی ٹی چارجز وصول کرنے کے عوام دشمن فیصلے کا ساتھ نہ دے، کراچی کے عوام سندھ حکومت کے اس فیصلے کیخلاف احتجاج کریں گے، کب تک کراچی کو لوٹتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک پہلے ہی کے ایم سی کی نادہندہ ہے، اسے لاکھوں روپے چارجز کے ایم سی کو ادا کرنے ہیں، کے الیکٹرک پر کے ایم سی کی واجب الادا رقم کی تفصیلات اپنی میئر شپ کے دوران سپریم کورٹ میں جمع کراچکا ہوں۔

سابق میئر کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت آکٹرائے اینڈ ضلع ٹیکس کی رقم کے ایم سی کو ادا نہیں کررہی، یہ شیئر کارپوریشن کا قانونی حق ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کراچی کے علاوہ سندھ کے باقی اضلاع سے ٹیکس وصولیابی کا بھی کیا یہی طریقہ کار ہے؟، کے ایم سی کے ٹیکس سے صوبائی حکومت کے اخراجات اٹھائے جارہے ہیں۔ وسیم اختر نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ کراچی کے شہریوں پر میونسپل یوٹیلٹی چارجز اینڈ ٹیکسز لاگو کرنے میں سندھ حکومت کا ساتھ نہ دے۔ ایم کیو ایم رہنماء محمد حسین کا کہنا تھا کہ کراچی سالانہ ڈھائی ہزار ارب روپے کا ریونیو سندھ کیلئے جمع کرتا ہے، بدلے میں اسے کیا ملتا ہے، وفاقی حکومت کو بھی خطیر رقم شہر قائد سے ملتی ہے، کراچی آج بھی بنیادی بلدیاتی سہولیات سے محروم ہے، کراچی کے لوگ مزید ٹیکس نہیں دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 955413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش