QR CodeQR Code

نسرین جلیل کی ویکسینیشن کارڈ کی عدم دستیابی پر گرفتاریوں اور بھتہ وصول کی شدید مذمت

24 Sep 2021 23:33

ایک بیان میں رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ سندھ پولیس کی پولیس گردی روکی جائے اور حکومت سندھ کو آئین کے انحراف سے روکا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کی ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل نے پولیس کے ہاتھوں ویکسینیشن کارڈ کی عدم دستیابی پر اندھا دھند ہونے والی گرفتاریوں اور کراچی سمیت شہری علاقوں کے عوام سے بھاری بھتہ وصول کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ کی متعصب و بدعنوان حکومت اور انتظامیہ نے سندھ کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا ہے، مخصوص علاقوں میں پولیس ناکے لگاکر عوام کو ہراساں کر رہی ہے اور ان سے ویکسینیشن کارڈ طلب کر رہی ہے اور بھتہ نہ ملنے کی شکل میں گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کر رہی ہے، یہ عمل بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور یہ آئین کی پامالی بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ سندھ حکومت گھر گھر جاکر عوام کو ویکسین لگاتی نہ کہ بھونڈے انداز میں گرفتاریاں عمل میں لاتی۔ نسرین جلیل نے آئی جی سندھ کے غیر قانونی حکم کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ سندھ پولیس کی پولیس گردی روکی جائے اور حکومت سندھ کو آئین کے انحراف سے روکا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 955569

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/955569/نسرین-جلیل-کی-ویکسینیشن-کارڈ-عدم-دستیابی-پر-گرفتاریوں-اور-بھتہ-وصول-شدید-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org