0
Saturday 25 Sep 2021 21:06

نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن کی سازش مریم نواز نے تیار کی، شہباز گل

نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن کی سازش مریم نواز نے تیار کی، شہباز گل
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن کی سازش کا الزام مریم نواز پر لگا دیا۔ گورنر ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ لندن میں موجود نوازشریف کا لاہور میں جعلی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بننا پاکستان کے خلاف سازش ہے، مریم نواز اور ایم پی ایز عمران نذیر اور چوہدری شہباز نے مل کر یہ سازش تیار کی، نوید نامی شخص کو مریم نواز نے یہ ذمے داری دی، کورونا ڈیٹا بیس کو بدنام کرنے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ کا ڈرامہ رچایا گیا، سیاست میں گندی سوچ والوں نے ملک کے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا، ملکی سلامتی کےخلاف سازش کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا، ڈان لیکس پر مریم نواز کو این آر او نہیں دینا چاہیے تھا، اگر ڈان لیکس پر این آر او نہ دیا جاتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔

شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز نے براہ راست پاکستان کے وقار پر حملہ کیا ہے، ملزم عادل رفیق اسپتال میں ملازم ہے جسے ایم پی اے چوہدری شہباز نے 2015ء میں اسپتال میں بھرتی کروایا تھا، عادل رفیق مسلم لیگ ن کا کارکن ہے، ابو الحسن اور عادل رفیق تھانہ گجر پورہ میں زیرحراست ہیں اور ایف آئی اے ان سے تحقیقات کرے گی، جبکہ نوید کو بھی جلد جرمنی سے گرفتار کیا جائے گا۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ جعلی ویکسی نیشن کی خبر سب سے پہلے نون لیگ نے میڈیا کو دی، اپنے دور میں بھرتی کئے گئے ملازمین کے ساتھ مل کر یہ سازش تیار کی گئی، ڈیٹا انٹری آپریٹر ابوالحسن کو 2017ء میں ایم پی اے چودھری شہباز نے بھرتی کرایا، جو نون لیگی کارکن ہے اور شادباغ کا رہنے والا ہے، نوید ملک سے فرار ہوگیا ہے اور اس کے پاس اسپتال میں آئی ٹی کا ٹھیکہ ہے، کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں نون لیگ خردبرد کرتی رہی ہے، شہباز شریف کے کیس میں کوئی کسی کو پہچانے کیلئے تیار نہیں، کرپشن کا کینسر اتنا پھیلا ہوا ہے کس کس کو نکالیں۔

علاوہ ازیں میاں نواز شریف کی کورونا ویکسین سرٹیفیکٹ کے کیس میں لاہور پولیس نے مقدمہ میں نامزد ملزمان عادل اور ابوالحسن کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں ملازم ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم کی کورونا ویکیسین کی جعلی ڈیٹا انٹری کی تھی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ گجر پورہ میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 955732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش