0
Sunday 26 Sep 2021 12:51

سی سی پی او لاہور کی چہلم کے جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی دینے کی ہدایت

سی سی پی او لاہور کی چہلم کے جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی دینے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے امام بارگاہ پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشن سہیل چودھری، ایس پی سٹی رضوان طارق اور دیگر پولیس افسران بھی ہمراہ تھے۔ ایس پی سٹی نے سی سی پی او لاہور کو پانٔڈو اسٹریٹ سے برآمد ہونیوالے ماتمی جلوس کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر برآمد ہونیوالے تمام ماتمی جلوسوں اور مجالس کو بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں کو تین درجاتی سکیورٹی حصار میں گزرنے کے بعد ہی چہلم کے مقدس پروگراموں میں داخلہ کی اجازت دی جائے، بلند عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں۔

غلام محمود ڈوگر نے مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے حضرت داتا گنج بخش کے 978ویں سالانہ عرس کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ مزار کے تمام داخلی راستوں پر چاق و چوبند پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں۔ غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیرئیرز کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ ڈولفن اور پولیس ریسپانس ٹیمیں دربار اور ملحقہ شاہراہوں پر موثر پٹرولنگ جاری رکھیں۔ پولیس اہلکار عرس میں شرکت کرنیوالے زائرین کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ سکیورٹی کے پیش نظر مختص کردہ پارکنگ کے علاوہ کہیں گاڑی، موٹر سائیکل کھڑی نہ ہونے دیں۔

سی سی پی او لاہور نے چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس حضرت داتا صاحب کی تقریبات کے دوران سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے بھی مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
خبر کا کوڈ : 955813
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش