0
Sunday 26 Sep 2021 21:34

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر حریت کانفرنس (م) کی تشویش

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر حریت کانفرنس (م) کی تشویش
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) نے جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہاں عوام کش پالیسیاں نافذ کی جارہی ہیں۔ ایک بیان میں حریت کانفرنس (م) نے کہا کہ آئے روز یہاں ایسے قوانین متعارف اور نافذ کئے جارہے ہیں جن کا مقصد لوگوں کو خوفزدہ کرنا اور ان کے حقوق کو مزید سلب کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ملازمین کو بغیر کسی تحقیقات برطرف کرنا اور انہیں اپنے دفاع کا موقعہ نہ دینا بھی اسی پالیسی کا حصہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اخباری رپورٹوں کے مطابق لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے لئے سینکڑوں کشمیری ملازمین کو برطرف کرنے کی فہرست مرتب کی جاچکی ہے۔

حریت کانفرنس (م) نے کہا کہ چونکہ جموں و کشمیر کی آبادی کا ایک بڑا طبقہ سرکاری شعبے میں کام کر رہا ہے، لہذا ان قوانین کا مقصد انہیں خاموش کراکے اظہار رائے کو روکنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی قسم کے اختلاف پر قدغن لگانا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مقامی میڈیا کو بھی مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کے گھروں اور دفاتر پر چھاپوں اور ان کے آلات کو ضبط کرنے کے ذریعے انہیں ہراساں کرنے کا عمل بھی جاری ہے جبکہ اس حوالے سے کئی افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ یہاں نافذ کئے گئے سخت قوانین کو فوری طور واپس لیں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو ڈرانے اور دھمکانے کی پالیسیاں ترک کریں اور آزادی کے ساتھ جینے کی ان کے بنیادی حقوق کو بحال کریں۔
خبر کا کوڈ : 955872
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش