0
Sunday 26 Sep 2021 19:33

پنجاب حکومت نے اربعین واک پر پابندی عائد کر دی

ہم ایسی پابندیاں جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، علامہ سبطین سبزواری
پنجاب حکومت نے اربعین واک پر پابندی عائد کر دی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر منعقد ہونیوالی اربعین واک (مشی) پر پابندی عائد کر دی ہے۔ صوبائی انٹیلی جنس سنٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے تمام ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز اور سی سی پی او لاہور کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کیبنٹ سب کمیٹی برائے امن و امان کی جانب سے ہدایات موصول ہوئی ہیں کہ چہلم شہدائے کربلا پر اہل تشیع کو کسی نئے جلوس یا واک کی اجازت نہ دی جائے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اہل تشیع قیادت سے رابطہ کرکے انہیں ایسے پروگرام کے انعقاد سے روکا جائے، کیونکہ ایسے جلوس امن و امان کی صورتحال کیلئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ مراسلے کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس، ایڈیشنل سیکرٹری لا اینڈ آرڈر، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزارت قانون و پارلیمانی امور اور پرنسپل سیکرٹری ٹو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم پنجاب کو بھی بھجوائی گئی ہے۔

دوسری جانب شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ ہم اس پابندی کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، اس نوٹیفکیشن کا سخت جواب دیں گے، ہم ہر صورت سڑکوں پر نکلیں گے، یہ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، اس سے ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ درباروں پر عرس ہوتے ہیں، لوگ چادریں لے کر ڈھول ڈھمکے کیساتھ چڑھانے جاتے ہیں، لاہور میں سینکڑوں نہیں ہزاروں چادر جلوس نکلتے ہیں اور داتا صاحب پیدل پہنچتے ہیں، انہیں کوئی نہیں روکتا، مسیحی لاہور سے مریم آباد پیدل واک کرتے ہوئے جاتے ہیں، انہیں اجازت ہے، ہندو اپنے تہوار جوش و جذبے سے مناتے ہیں، ملک بھر کے درباروں پر عرس ہوتے ہیں، ہزاروں عقیدت مند جاتے ہیں، کوئی اجازت لیتا ہے، نہ حکومت انہیں روکتی ہے، تو یہ صرف حسینؑ سے دشمنی ہے؟

حکومت اس بات کا جواب دے کہ صرف بغض حسینؑ میں ہمارے جلوس ہی کیوں روکے جاتے ہیں۔؟ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ بھرپور انداز میں نکلے گی اور یزیدی حکومت کی ہر رکاوٹ کو روندتے ہوئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشی کے جلوس کوئی عمران خان یا عثمان بزدار کیخلاف نہیں ہیں، بلکہ یہ یزیدیت کیخلاف ہیں اور سنتِ زینبیہ ہیں، حکمران ان جلوسوں سے خوفزدہ نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری عبادت ہے، اس میں مداخلت نہ کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 955874
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش