QR CodeQR Code

اس سال ملک بھر کے اربعین جلوس تاریخی اجتماع ثابت ہونگے، علامہ باقر زیدی

26 Sep 2021 22:11

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصہ میں اگر انتظامیہ کیجانب سے متعصب اقدامات کرکے جلوس میں رکاوٹ بننے کی کوشش کی گئی تو ملک بھر میں جلوس عزاء میں عوامی احتجاج کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اربعین کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرے، امن و امان کی خرابی یا کسی بھی بدانتظامی کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا غلام رضا جعفری، آصف صفوی اور ناصر الحسینی بھی موجود تھے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ باقر زیدی نے کہا کہ کہ صوبے بھر میں تمام روایتی جلوس ہر سال کی طرح اس سال بھی بھرپور انداز سے برآمد ہوں گے، تمام اداروں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ عزاداری کے پروگراموں کو درکار مطلوبہ سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی حیل و حجت کا مظاہرہ نہ کیا جائے گا۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں اداروں میں موجود متعصب افسران اپنے تعصب کے اظہار کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، تمام اداروں کو واضح طور پر یہ پیغام دیتے ہیں کہ کسی کو اختیارات سے تجاوز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے کسی بھی حصہ میں اگر انتظامیہ کی جانب سے متعصب اقدامات کرکے جلوس میں رکاوٹ بننے کی کوشش کی گئی تو ملک بھر میں جلوس عزاء میں عوامی احتجاج کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، عزاداری ہمارا قانونی و آئینی حق ہے، ہم اپنی عبادت اور اپنے آئینی حقوق کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال اربعین کے جلوس تاریخی اجتماع ثابت ہوں گے، ملت کا کوئی بھی فرد گھروں میں نہیں بیٹھے گا، وہ تکفیری قوتیں جو ملت تشیع کو محدود کرنے کے خواب دیکھ رہی ہیں، ان کے لئے ہماری افرادی قوت اور حسینی جوش و ولولہ ایک بھیانک تعبیر ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سکیورٹی کے نام پر جلوس کے شرکاء سے ناروا سلوک کرنے کی مجاز نہیں ہے، تمام مومنین کی ضروری جانچ پڑتال کے ساتھ جلوس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی و استحکام کے لئے اتحاد بین المسلمین ترجیحی نکتہ ہے، جو تکفیری قوتیں مذہب کے نام پر منافرت اور انتشار پھیلا رہی ہیں، ان کا دین سے کوئی تعلق نہیں، ایسے ملک دشمن عناصر کے خلاف تمام معتدل قوتیں یکجا ہوچکی ہیں، آج پیغام پاکستان اور دیگر عنوانات کے تحت مختلف مسالک کی مشترکہ کانفرنسیں منعقد کرکے ان تکفیری عناصر کے ایجنڈے کو سختی سے رد کیا جا رہا ہے، تمام مذہبی جماعتیں اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ اپنے عقائد کے تحفظ کے لئے دیگر مسالک کا احترام انتہائی ضروری ہے، اس ملک میں تکفیریت کی قطعی گنجائش نہیں، ملک میں کسی بھی قسم کی نئی قانون سازی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 955886

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/955886/اس-سال-ملک-بھر-کے-اربعین-جلوس-تاریخی-اجتماع-ثابت-ہونگے-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org