0
Tuesday 30 Aug 2011 16:15

سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں عید آج منائی گئی پشاور اور گردو نواح میں بھی عید

سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں عید آج منائی گئی پشاور اور گردو نواح میں بھی عید
ریاض / پشاور:اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب، خلیجی ممالک، یورپ اور امریکہ میں آج عید الفطر منائی گئی۔ خیبر پی کے میں اس سال بھی 2 عیدیں ہونگی جبکہ غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی مسجد قاسم علی خان نے چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کل رات گئے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چاند نظر آنے کی 10 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ چنانچہ حسب سابق پشاور میں اس بار بھی باقی پاکستان سے ایک دن قبل یعنی آج عید ہے۔
مسجد قاسم خان کے اجلاس میں صوبائی حکومت کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا اور صوبائی حکومت نے مسجد قاسم خان کے اعلان سے اظہار لاتعلقی ظاہر کی ہے۔ ترجمان کے مطابق مسجد قاسم کا سرکاری رویت ہلال کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پی کے میں کسی بھی حصے میں چاند نظر نہیں آیا۔ سائنسی اعتبار سے خیبر پی کے میں چاند نظر آنے کی اطلاع درست نہیں، آج رویت کی عمر ہی نہیں تھی۔ ادھر جمعیت العلمائے افغان نے بھی آج چارسدہ میں عید منانے کا اعلان کیا ہے۔ خیبر ایجنسی کے علاقے لنڈی کوتل میں بھی عید آج ہے۔ خیبر پی کے کے کئی علاقوں میں عید آج منائی جا رہی ہے۔ مردان، خیبر ایجنسی، بنوں اور شمالی وزیرستان میں بھی آج عیدالفطر ہے۔ باڑہ قمبرخیل میں بھی آج عید منائی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا باقاعدہ اجلاس آج (منگل) کو کراچی میں مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں ہو گا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے بھی اجلاس بیک وقت منعقد ہوں گے۔ سٹی رپورٹر کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ آج بروز منگل بادل نہ ہوئے تو چاند نظر آ جائے گا اور عیدالفطر بدھ 31 اگست کو ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نیا چاند منگل 29 رمضان المبارک بمطابق 30 اگست 2011ء کی شام سندھ اور بلوچستان کے اکثر اور پنجاب کے چند علاقوں میں نظر آ جائے گا لہذا عیدالفطر بدھ 31 اگست کو منائی جائے گی۔
جبکہ مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریعت کے مطابق فیصلے نہ کئے گئے تو اختلافات رہیں گے۔ مرکزی حکومت رویت ہلال کمیٹی کا قبلہ درست کرے۔ چاند دیکھنے کیلئے سینٹ کی سب کمیٹی بنانے کی تجویز دی تھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے پاس تحریری دستور نہیں ہے۔ مسجد قاسم انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 21 شہادتیں موصول ہوئی ہیں جن میں 9 خواتین کی شہادتیں ہیں۔ علاوہ ازیں
دوسری جانب نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں مفتی نعیم نے کہا ہے کہ پشاور کی مقامی مسجد کے اعلان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ چاند کی شہادتیں رویت ہلال کمیٹی میں کیوں پیش نہیں کی گئیں۔ چاند ہر جگہ ایک ہی ہوتا ہے حکومت کو چاہئے کہ ملک میں ایک ہی عید کا اہتمام کرے۔ مولانا راغب نعیمی نے کہا کہ پشاور کی مقامی مسجد کا اعلان کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ بیورو رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کو ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد آج منگل کے روز پشاور سمیت صوبہ کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مسجد قاسم علی خان قصہ خوانی بازار پشاور کی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر کی شب مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں علماء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پرلوگوں کی ایک بڑی تعداد بھی عید کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کے فیصلہ کے انتظار میں وہاں موجود رہی۔ اجلاس کے دوران پشاور کے علاقوں گنج اور پلوسی سے دو خواتین سمیت مختلف افراد نے چاند دیکھنے کی گواہی دی۔ ان شہادتوں کی روشنی میں مسجد قاسم علی خان کے خطیب اور کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ماہ شوال کا چاند نظر آنے اور منگل کے روز عید الفطر منانے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 95614
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش